ڈیوڈ وارنر کا ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان

اپنی فیملی کو زیادہ وقت دینا چاہتا ہوں‘ ریٹائرمنٹ کے باوجود چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گا، ٹیم چاہے تو مجھے ایونٹ میں شامل کرسکتی ہے۔ آسٹریلوی بلے باز کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی پیر 1 جنوری 2024 17:01

ڈیوڈ وارنر کا ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان
سڈنی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 جنوری 2024ء ) آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ سڈنی میں پریس کانفرنس کے دوران آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اپنی فیملی کو زیادہ وقت دینا چاہتا ہوں، ریٹائرمنٹ سے نئے ٹیلنٹ کیلئے مواقع پیدا ہوں گے اور مجھے بیرون ملک فرنچائز کرکٹ کھیلنے کی زیادہ آزادی ہوگی۔

جارح مزاج بلے باز کا کہنا ہے کہ میں جانتا ہوں چیمپئنز ٹرافی آنے والی ہے، اگر آئندہ دو برسوں کے دوران میں اچھی کرکٹ کھیلتا رہا تو ریٹائرمنٹ کے باوجود چیمپیئنز ٹرافی 2025ء کے لیے دستیاب ہوں، اگر آسٹریلوی ٹیم چاہے تو مجھے ایونٹ میں شامل کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ڈیوڈ وارنر نے 161 میچز میں کینگروز کی نمائندگی کرتے ہوئے 33 نصف سنچریوں اور 22 سنچریوں کی مدد سے 6 ہزار 932 بنا رکھے ہیں، اپنے کریئر میں انہوں نے 179 رنز کی بڑی اننگز بھی کھیلی، احمد آباد میں بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کا فائنل ان کا آخری ون ڈے تھا، وہ ون ڈے کرکٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے چھٹے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں اور رکی پونٹنگ کے بعد سنچریوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ ڈیوڈ وارنر ٹیسٹ کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں اور پاکستان کے خلاف رواں ماہ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جانے والا 5 روزہ میچ ڈیوڈ وارنر کا آخری ٹیسٹ ہوگا، آسٹریلیا کو تین میچوں کی اس سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔



                 
وقت اشاعت : 01/01/2024 - 17:01:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :