کراچی اوپن ریپڈ شطرنج ٹورنامنٹ اتوار کوکھیلا جائے گا

ہفتہ 20 جنوری 2024 21:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2024ء) اٹھا ئیسواں کراچی اوپن ریپڈ شطرنج ٹورنامنٹ (کل)اتوار کو کھیلا جائے گا جس کے لئے رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے ۔کارپوف شطرنج کلب کراچی کے زیر اہتمام اور زیر انتظام شیڈول ایونٹ میں اوپن ایج کیٹیگری رکھی گئی ہے جس میں مرد و خواتین شاطر شرکت کر سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں چیس فیڈریشن آف پاکستان کے ریٹنگ آفیسراور ایونٹ کے آرگنائزنگ سیکرٹری نیشنل ماسٹر شاہ زیب خان نے بتایا کہ 21جنوری بروز اتوار کو فیڈے ریٹیڈکراچی اوپن ریپڈ شطرنج ٹورنامنٹ ڈاٹ زیرو دلکشا فورم طارق روڈ پر منعقد ہوگا جس میں150سے زائد شاطرمردوخواتین کی شرکت متوقع ہے ،ایونٹ کے لئے رجسٹریشن کی فیس ایک ہزار روپے رکھی گئی تھی تاہم ماسٹرز اور شاطرخواتین انٹری فیس سے مستثنیٰ تھیں۔

اس ایونٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو ورلڈ چیس فیڈریشن کی آئی ڈی اور ریٹنگ بھی دی جائے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ سوئس سسٹم کے نو رائونڈز پر مشتمل ہوگا جبکہ ٹائم کنٹرول 15منٹ کا رکھا گیا ہے جبکہ ہر چال کے لئے پانچ سیکنڈز کے اضافی دئیے جائیں گے۔ٹورنامنٹ میں فیڈے کے تمام قوانین لاگو ہونگے اور ہر عمر کے شاطر شرکت کر سکیں گے ۔فاتح کھلاڑیوں کو انعامی رقم ،ٹرافیز اور میڈلزبھی دئیے جائیں گے ۔
وقت اشاعت : 20/01/2024 - 21:38:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :