’شہزادی بہادری دکھاؤ‘، ثانیہ مرزا کا سوشل میڈیا پر اپنی تصویر کے ساتھ نیا پیغام

سابق ٹینس سٹار نے شعیب ملک سے علیحدگی کے حوالے سے باقاعدہ کوئی بیان جاری نہیں کیا تاہم سوشل میڈیا میں اپنے پیغامات میں مبہم انداز میں حوصلہ اور ہمت دکھانے اور مشکل حالات سے گزرنے کا ذکر کرتی رہی ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 5 فروری 2024 10:51

’شہزادی بہادری دکھاؤ‘، ثانیہ مرزا کا سوشل میڈیا پر اپنی تصویر کے ساتھ نیا پیغام
نئی دلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 فروری 2024ء ) بھارت کی سابق ٹینس اسٹار اور قومی کرکٹر شعیب ملک کی سابقہ اہلیہ ثانیہ مرزا نے پاکستانی کرکٹر سے علیحدگی کے بعد باقاعدہ طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا لیکن سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر کے ساتھ مختصر پیغامات دیتی رہی ہیں۔ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان اختلافات یا علیحدگی کی افواہیں گزشتہ سال سے زیرگردش تھیں لیکن اس وقت تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تھی تاہم گزشتہ ماہ اس رشتے کے خاتمے کی تصدیق ہوگئی تھی۔

شعیب ملک نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں شرکت کے لیے ڈھاکا روانہ ہونے سے قبل اچانک اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ شادی کا اعلان کیا تھا اور تصاویر جاری کردی تھیں، جس پر ان کے اور ثانیہ مرزا کے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا تھا کیونکہ مداحوں کو اس حوالے سے کوئی خبر نہیں تھی۔

(جاری ہے)

ثناء جاوید اور شعیب ملک کی شادی کے اعلان کے بعد ثانیہ مرزا کے والد نے مختصر بیان میں کہا تھا کہ ان کی بیٹی نے شعیب سے خلع لے لی ہے اور بعد میں ان کے خاندان کے دیگر افراد نے بیانات میں اس کی مزید تصدیق کردی تھی۔

ثانیہ مرزا نے اپنے طور پر اس حوالے سے باقاعدہ کوئی بیان جاری نہیں کیا تاہم سوشل میڈیا میں اپنے پیغامات میں مبہم انداز میں حوصلہ اور ہمت دکھانے اور مشکل حالات سے گزرنے کا ذکر کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے انسٹاگرام پر اب ایک اور مختصر پیغام کے ساتھ اپنی تصاویر بھی جاری کی ہیں، جس میں وہ خوش دکھائی دے رہی ہیں۔ ثانیہ مرزا نے انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں کہا کہ ‘شہزادی بہادری دکھائیں ورنہ آپ کا تاج گر جائے گا’۔

انہوں نے اپنے اس بیان کے حوالے سے کوئی تفصیل درج نہیں کی۔ اس پوسٹ کو اس کی خوبصورتی کی تعریف میں 182,000 سے زیادہ لائکس اور ہزاروں تبصرے ملے۔ اس سے قبل انہوں نے اپنے بیٹے اور بھانجی کے ساتھ تصویر انسٹاگرام پر جاری کی تھی اور بچوں کو ‘لائف لائن’ سے تعبیر کیا تھا۔ خیال رہے کہ شعیب ملک نے 20 جنوری کو ثناء جاوید کے ساتھ شادی کا اعلان کیا لیکن ثانیہ مرزا سے علیحدگی کے حوالے سے کچھ نہیں کہا ۔
وقت اشاعت : 05/02/2024 - 10:51:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :