ڈچ ہاکی کلب ٹیم کے کھلاڑیوں کا سنٹرل پولیس آفس لاہورکا دورہ

بدھ 21 فروری 2024 22:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2024ء) پاکستان کے دورے پر آئے ڈچ ہاکی کلب ٹیم کے کھلاڑیوں نے لاہور میں سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔ ڈچ ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچ اور آفیشلز کے علاوہ اولمپیئن خواجہ محمد جنید اور آرگنائزر طاہر شاہ بھی وفد میں شریک تھے۔ بدھ کو کئے گئے اس دورے میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈچ ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچ اور آفیشلز کو خوش آمدید کہا، چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل نے ڈچ ہاکی کھلاڑیوں کو سنٹرل پولیس آفس کے مختلف فلورز کا وزٹ کرایا، ڈچ کھلاڑیوں کو سنٹرل پولیس آفس کی شہدا و غازی والز اور وال آف لیجنڈز پر کنندہ پولیس ہیروز کے کارناموں سے آگاہ کیا گیا، ڈچ ہاکی کھلاڑیوں کو پنجاب پولیس کے قومی ہاکی ٹیم میں شامل سابق لیجنڈ کھلاڑیوں اور دیگر سپورٹس مینز بارے آگاہ کیا گیا، ڈچ ہاکی پلئیرز کو سنٹرل پولیس آفس آڈیٹوریم، میوزیم اور دیگر حصوں کا دورہ بھی کروایا گیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈچ پلئیرز کو پنجاب پولیس میں سپورٹس کے فروغ کیلئے جاری اقدامات بارے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ہاکی کے فروغ اور سرپرستی کیلئے مشترکہ اقدامات بارے غور کیا گیا۔ ڈچ ہاکی کلب کے کھلاڑیوں کو سنٹرل پولیس آفس کے لان میں ظہرانہ بھی دیا گیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈچ ہاکی کھلاڑیوں کو پنجاب پولیس کی طرف سے سووینئرز دیئے، ڈچ ہاکی کلب کے کھلاڑیوں اور عہدیداران نے بھی آئی جی پنجاب کو تحائف پیش کئے، ڈائریکٹر جنرل پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ ریاض نذیر گاڑا، چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین، اے آئی جی لاجسٹکس اسماعیل الرحمان، اے آئی جی ایڈمن ڈاکٹر محمد رضوان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
وقت اشاعت : 21/02/2024 - 22:59:15