دفاعی چیمپئن لاہور کو مسلسل چوتھی شکست

کراچی کنگز نے لاہور قلندرز سے فتح چھین لی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 24 فروری 2024 22:58

دفاعی چیمپئن لاہور کو مسلسل چوتھی شکست
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 فروری 2024ء ) دفاعی چیمپئن لاہور کو مسلسل چوتھی شکست، کراچی کنگز نے لاہور قلندرز سے فتح چھین لی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ قلندرز کے فخر زمان ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوگئے، وہ 6 رنز بنا کر 9 کے مجموعے پر پویلین لوٹے، انہیں اسامہ میر نے آؤٹ کیا۔

ان فارم صاحبزادہ فرحان اور رسی ویندر ڈوسن نے اسکور کو آگے بڑھایا، لیکن 45 کے مجموعے پر ڈوسن 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ صاحبزادہ فرحان نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا لیکن دوسری جانب وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ احسن حفیظ 8، جہانداد خان 12، شے ہوپ نے 21 رنز کے ساتھ ٹیم کے اسکور میں اپنا حصہ ڈالا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر 72 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو قابلِ اعتبار ٹوٹل تک پہنچایا، صاحبزادہ فرحان کی اننگز میں 4 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

جارج لِنڈا 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ، تبریز شمسی اور حسن علی نے دو دو وکٹیں لیں۔ جواب میں کراچی کنگز نے 176 رنز کا ہدف آخری گیند پر پورا کرلیا۔ کراچی کنگز کے کیرون پولارڈ نے58 اور شعیب ملک نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ محمد نواز نے15، شان مسعود نے 10 اور جیمز ونس نے 8 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان اور احسن حفیظ نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ اب تک کی پرفارمنس سے مطمئن ہوں۔ ہم اسی لائن اپ کے ساتھ میدان میں اُتر رہے ہیں۔ اُمید ہے تمام کھلاڑی ویسی ہی کارکردگی دکھائیں گے جیسی انہوں نے گزشتہ میچ میں دکھائی تھی۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ ہماری بیٹنگ اور بولنگ اب تک اچھی رہی ہے لیکن فیلڈنگ میں مسائل ہیں۔ حارث رؤف نے اب تک کلک نہیں کیا لیکن ہم زمان خان کے ساتھ ساتھ ان کی فارم میں واپسی کے لیے پُرامید ہیں۔

ویسٹ انڈین وکٹ کیپر بلے باز شائی ہوپ بھی آج کے میچ میں لاہور قلندرز کا حصہ ہیں۔ بی پی ایل کھیلنے کی وجہ سے وہ ابتدائی تین میچز میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔ کراچی کنگز کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، محمد اخلاق (وکٹ کیپر)، جیمز ونس، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، محمد نواز، عرفان خان نیازی، ڈینیئل سمس، حسن علی، میر حمزہ، تبریز شمسی شامل ہیں جب کہ لاہور قلندرز کی ٹیم فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، رسی وین ڈیر ڈوسن، شائی ہوپ (وکٹ کیپر)، سکندر رضا، جارج لنڈے، احسن حفیظ بھٹی، جہانداد خان، شاہین آفریدی (کپتان)، حارث رؤف، زمان خان پر مشتمل ہے۔

خیال رہے کہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اب تک ایونٹ میں ایک میچ بھی نہیں جیت سکی اور تینوں میچز میں ہار گئی۔ کراچی کنگز نے دو میچ کھیلے ہیں جن میں سے ایک میں کامیاب اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
وقت اشاعت : 24/02/2024 - 22:58:46