پاکستانی باکسر اٹلی میں ساتھی خاتون باکسرکے بیگ سے رقم چوری کرکے غائب ہوگیا

خاتون باکسر ٹریننگ کیلئے باہر گئیں تو زوہیب رشید نے ہوٹل کے استقبالیے سے کمرے کی چابی لی اور بیگ سے پانڈ لیکر فرار ہو گئے، سیکرٹری پاکستان باکسنگ فیڈریشن

پیر 4 مارچ 2024 22:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2024ء) پاکستانی باکسر اٹلی میں ساتھی خاتون باکسر کے بیگ سے رقم چوری کرکے غائب ہوگیا۔سیکرٹری پاکستان باکسنگ فیڈریشن کرنل ناصر تنگ نے ایک انٹرویومیں قومی باکسر زوہیب رشید کی جانب سے ساتھی خاتون باکسر کے بیگ سے پانڈ چوری کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خاتون باکسر ٹریننگ کیلئے باہر گئیں تو زوہیب رشید نے ہوٹل کے استقبالیے سے کمرے کی چابی لی اور بیگ سے پانڈ لیکر فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

کرنل ریٹائیرڈ ناصر تنگ نے بتایا کہ زوہیب رشید اپنی پہلی فائٹ کیلئے بھی نہیں آئے اور 51 کلو گرام کیٹگری میں زوہیب رشید کے مدمقابل باکسر کو واک اوور دے دیا گیا۔سیکرٹری پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے کہا کہ زوہیب رشید گزشتہ روز سے لاپتہ ہیں جس کی پولیس میں رپورٹ بھی درج کرا دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ خاتون باکسر کے بیگ میں تقریبا 250 پانڈ (تقریباً 88ہزار پاکستانی روپی)موجود تھے۔خیال رہے کہ زوہیب رشید نے 2022 میں ایشین چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا، زوہیب رشید جونئیر سطح پر بھی میڈل جیت چکے ہیں۔
وقت اشاعت : 04/03/2024 - 22:52:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :