ویسٹ انڈیزویمینز ٹیم نے پاکستان ویمینز ٹیم کو پہلےایک روزہ بین الاقومی میچ میں 113 رنز سے شکست دے دی

جمعرات 18 اپریل 2024 19:41

ویسٹ انڈیزویمینز ٹیم نے پاکستان ویمینز ٹیم کو پہلےایک روزہ بین الاقومی میچ  میں 113 رنز سے شکست دے دی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) ویسٹ انڈیز ویمینز ٹیم نے پاکستان ویمینز ٹیم کو پہلا ایک روزہ بین الاقومی میچ میں 113 رنز سے شکست دے دی، قومی ٹیم 270 رنز کے تعاقب میں 35.5 اوورز میں 156 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی ، ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز کو شاندار کارکردگی ناقابل شکست 140 رنز اور 3 وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

جمعرات کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تین ایک روزہ بین الاقومی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بناکر پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 270 رنز کا ہدف دیا، 2.2 اوورز میں مجموعی اسکور ایک رنز پر اوپنر وکٹ کیپر رشدہ ولیمز کے سعدیہ اقبال کی گیند پر آئوٹ ہونے کے بعد دوسری وکٹ کی شراکت میں اوپنر ہیلی میتھیوز اور شیمین کیمبل کے درمیان 102 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم اس موقع پر کیمبل 41 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر طوبہ حسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں جس کے بعد وقفے وقفے سے ویسٹ انڈیز کی بیٹسمینوں کے آئوٹ ہونے کا سلسلہ جاری رہا۔

(جاری ہے)

میتھیوز اپنی سینچری 125 گیندوں پر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے مکمل کرنے کے بعد مستقل مزاجی سے وکٹ پر موجود رہیں، انہوں نے اپنی شاندار ناقابل شکست اننگز میں 150 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اور 15 چوکوں کی مدد سے 140 رنز بنائے۔ کرشمہ رامہراک 5 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہیں۔ چنیل ہنری 23، چیڈین نیشن اور عالیہ علینہ 17-17 رنز بناکر آئوٹ ہوئیں۔

پاکستان کی سعدیہ اقبال نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 38 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ طوبہ حسن نے بھی 8 اوورز میں 48 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ندا ڈار اور نشرا سندھو نے ایک ایک وکٹ لی۔ 270 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پاکستان کی پوری ٹیم 35.5 اوورز میں 156 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی ۔ پاکستان کی کوئی بھی بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی۔ طوبہ حسن 25، منیبہ علی 22، وکٹ کیپر ناجیہ علوی 20 اور کپتان ندا ڈار 19 رنز بنا سکیں ۔ویسٹ انڈیز کی ہیلی میتھیوز نے 6 اوورز میں 17 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ ایفی فلیچر اور زیدہ جیمز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ شمیلیہ کونیل اور چنیل ہنری نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 18/04/2024 - 19:41:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :