اے سی سی پریمیئر کپ سیمی فائنل، یو اے ای نے نیپال کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

جمعہ 19 اپریل 2024 22:24

اومان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) اے سی سی پریمیئر کپ کے پہلے سیمی فائنل میں یو اے ای نے نیپال کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، نیپال کا 120 رنز کا آسان ہدف یو اے ای نے 17.2 اوورز میں حاصل کرلیا، علی شان شرافو کو 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعہ کے روز الامارات کرکٹ گرائونڈ اومان میں کھیلے گئے اے سی سی پریمیئر کپ کے پہلے سیمی فائنل میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنائے، سندیپ جورا نے 40 بالوں پر 50 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، گلسان جاہ 20 اور کرن کے سی 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ دیگر بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

یو اے ای کی طرف سے جنید صدیق، علی نصیر اور باسل حمید نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عمید شافی رحمان، آیان افضل خان اور محمد فاروق نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ یو اے ای نے نیپال کا 120 رنز کا ہدف 17.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، اوپنر علی شان شرافو نے 41 بالوں پر 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ دیگر بیٹرز میں وشنو سکوماران نے 28، کپتان محمد وسیم 11 اور سید حیدر نے 14 رنز بنائے۔ نیپالی بائولر گلسن جاہ نے دو وکٹیں ، سومپال کامی اور للت راج بنسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ایونٹ کا فائنل مقابلہ 21 اپریل اتوار کو کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 19/04/2024 - 22:24:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :