پہلا جنوبی پنجاب شطرنج میلہ ،ماہر کھلاڑیوں کے مابین مقابلے جاری

ہفتہ 20 اپریل 2024 23:08

پہلا جنوبی پنجاب شطرنج میلہ ،ماہر کھلاڑیوں کے مابین مقابلے جاری
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) پنجاب شطرنج ایسوسی ایشن ، ملتان ڈسٹرکٹ چیس ایسوسی ایشن ،سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان شطرنج فیڈریشن کے اشتراک سےپہلے جنوبی پنجاب شطرنج میلہ کاآغاز ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو یہاں سپورٹس جمنازیم میں شطرنج میلہ کے پہلے روز تین راؤنڈ کھیلے گئے۔ماسٹرکیٹگری میں سخت مقابلے دیکھنے میں آئے، فیڈےماسٹرز کو زیادہ مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا،ماسٹر کیٹگری میں محمد شہزاد اور جنوبی کیٹگری میں طاہر مصطفیٰ ٹاپ ٹیبل پر موجود ہیں۔

تیسرے راونڈ کے اختتام پر محمد شہزاد تین پوائٹس کے ساتھ لیڈ کررہے ہیں جبکہ صابر خان دوسرے نمبر پر ہیں۔کراچی سے تعلق رکھنے والے فیڈے ماسٹر محمد وقار تیسرے ، کوئٹہ کے محمد ایوب چوتھے اور ملتان کے سبط علی پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب کیٹگری میں طاہر مصطفیٰ اپنے تین میچ جیت کر تین پوانٹس کے ساتھ ٹاپ پر موجود ہیں جبکہ واجد محمود، عبداللہ واہلہ ،ظہوراحمد،عمرحفیظ ، ارسلان اختراور محمد ثقلین اپنے تین پوانٹس کے ساتھ ایگریگیٹ نمبرز کے ساتھ بالترتیب دوسرے ، تیسرے، چوتھے، پانچویں ، چھٹے اور ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔

دیگر 28کھلاڑی دو پوانٹس کے ساتھ مقابلے میں موجود ہیں ۔قبل ازیں ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب چیس ایسوسی کے عہدیدار اور ٹورنامنٹ آرگنائزر راجہ گوہر نے کہا کہ جنوبی پنجاب شطرنج میلے کا مقصد شطرنج کی مہارت کے جذبے کو پروان چڑھانا ہے اور جنوبی پنجاب کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار ہم نے ماسٹرز، جنوبی پنجاب شائٹرز، خواتین اور انڈر 14 سمیت متعدد کیٹیگریز متعارف کرائی ہیں۔ دوسرے روز کے کھیل کا آغاز اتوارکو صبح ساڑھے آٹھ بجے ہوگا جبکہ اختتامی تقریب شام پانچ بجے منعقد ہوگی، جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد عاشق ربانی اور مہمان اعزاز سیکرٹری انرجی پنجاب ڈاکٹر نعیم رؤف ہوں گے جبکہ تقریب میں پاکستان سپورٹس بورڈ ، پنجاب سپورٹس بورڈ کے افسران بھی شرکت کرینگے۔
وقت اشاعت : 20/04/2024 - 23:08:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :