دوسرا ویمنز ون ڈے ، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2وکٹوں سے ہرادیا،سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن سبقت

اتوار 21 اپریل 2024 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان ویمنز کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، مہمان ٹیم کی اسٹیفنی ٹیلر 73رنز کی اننگز کھیل کر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں،پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کرلیں۔

وہ ثنا میر کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والی دوسری پاکستانی خاتون کرکٹر ہیں۔ اتوارکو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 48.5اوورز میں223رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ویسٹ انڈیز ویمنز نے 50ویں اوور کی آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔

(جاری ہے)

پاکستان ویمنز کا آغاز مایوس کن رہا ۔

منیبہ علی صرف 2 رنز بناکرشنیل ہنری کی گیند پر بولڈ ہوگئیں۔ سدرہ امین اور بسمہ معروف نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 80رنز کا اضافہ کیا۔سدرہ امین 4 چوکوں کی مدد سے 50رنز بناکر ایفی فلیچر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں جو ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں آٹھویں نصف سنچری ہے۔ ان کے آئوٹ ہونے کے بعد صرف بسمہ معروف ہی قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوپائیں۔

انہوں نے 3 چوکوں کی مدد سے 65رنز اسکور کیے جو ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی 21ویں نصف سنچری ہے تاہم دیگر بیٹرز وکٹ پر زیادہ دیر ٹھہر کر ان کے ساتھ بڑی پارٹنرشپ قائم نہ کرپائیں۔کپتان ندا ڈار 15رنز بناکر رن آئوٹ ہوئیں ۔ عالیہ ریاض 6، صدف شمس 9 اور فاطمہ ثنا 11 رنز بناسکیں۔ وکٹ کیپر نجیہہ علوی نے 25رنز اسکور کیے۔ فاسٹ بولر شنیل ہنری نے 37 اورآف اسپنر کرشما رامارک نے 48رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

ایفی فلیچر نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ویسٹ انڈیز ویمنز کی پہلی وکٹ 32رنز پر گری جب رشادا ولیمز 7رنز بناکر ندا ڈار کی گیند پر منیبہ علی کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔ یہ ندا ڈار کی 108ویں ون ڈے انٹرنیشنل میں 100ویں وکٹ تھی۔ وہ ثنا میر کے بعد دوسری پاکستانی ویمن کرکٹر ہیں جنہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میں وکٹوں کی سنچری مکمل کی ہے۔ ثنا میر نے 120ون ڈے انٹرنیشنل میں151وکٹیں حاصل کی ہیں۔

پاکستان ویمنز کو اسوقت اہم کامیابی ملی جب کپتان ہیلی میتھیوز 44رنز بناکرام ہانی کی گیند پر متبادل کھلاڑی ڈیانا بیگ کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں تاہم اس کے بعد شیمین کیمبل اور اسٹیفنی ٹیلر نے تیسری وکٹ کے لیے88رنز کی شراکت قائم کرڈالی ۔شیمین کیمبل 52 رنز بناکر آئوٹ ہوئیں ۔ اسٹیفنی ٹیلر نے 73رنز اسکور کیے جس میں 9 چوکے شامل تھے۔پاکستانی بولرز اسٹیفنی ٹیلر کی وکٹ کے بعد مزید3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔ ویسٹ انڈیز ویمنز کی آٹھویں وکٹ 221کے اسکور پر گری تاہم آخری اوور کی آخری گیند پر کرشما رامارک کے چوکے نے اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔
وقت اشاعت : 21/04/2024 - 19:10:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :