قومی سلیکشن کمیٹی کا دورہ انگلینڈو آئرلینڈ کیلئے 18 رکنی پاکستانی سکواڈ کا اعلان

جمعرات 2 مئی 2024 17:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) قومی سلیکشن کمیٹی نے دورہ انگلینڈ اور دورہ آئرلینڈ کے لیے 18 رکنی پاکستانی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔ فاسٹ بالر حارث رئوف کے ساتھ آل رانڈر حسن علی اور سلمان علی آغا کو 18 رکنی سکواڈ میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان قومی سلیکشن کمیٹی ٹیم نے قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

سلیکشن کمیٹی نے بتایا کہ ٹیم میں بابر اعظم، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان شامل ہیں، اس کے علاوہ حارث رئوف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، عرفان خان نیازی، نسیم شاہ، صائم ایوب بھی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔قومی سکواڈ میں سلمان علی آغا، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اسامہ میر کی جگہ حارث رئوف کو شامل کیا گیا ہے۔سلیکشن کمیٹی کے رکن محمد یوسف نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچز میں ہمارا سکواڈ 17 کا تھا، اس میں ہم نے ایک کا اضافہ کیا ہے، ہم سب اکٹھے ہیں اور اپنا بیسٹ دے رہے ہیں۔عبدالرزاق نے کہا کہ ہمارے پاس ورلڈ کپ سکواڈ کا اعلان کرنے کے لیے ٹائم ہے۔رکن سلیکشن کمیٹی وہاب ریاض نے بتایا کہ حارث رف، اعظم خان، عرفان نیازی اور محمد رضوان کی فٹنس میں بہتری آئی ہے، امید ہے کہ تینوں کھلاڑی آئرلینڈ کی سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے۔

وہاب ریاض نے بتایا کہ ہم سب ایک پیج پر ہیں، ہمیں امید ہے کہ حارث انگلینڈ سیریز تک فٹ ہوجائے گا، 21 تاریخ کے انگلینڈ میچ کے بعد ہم ورلڈ کپ سکواڈ کا اعلان کردیں گے۔عثمان خان کی سلیکشن سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ عثمان خان نے پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی دکھائی، وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں اس طرح سے کامیاب نہیں ہوسکے مگراسے وقت دینا پڑے گا۔

عبدالرزاق نے کہا کہ صائم ایوب نیوزی لیند میں کارکردگی نا دکھا سکے لیکن وہ باصلاحیت ہیں، ہمیں پھر بھی امید ہے کہ وہ اچھا پرفارم کریں گے۔پاکستانی ٹیم لاہور میں 4 سے 6 مئی تک 3 روزہ تربیتی کیمپ کے بعد 7 مئی کو ڈبلن کے لیے روانہ ہوگی۔آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ان میں بابر اعظم (کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رئوف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 02/05/2024 - 17:41:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :