سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ ،جاپان نے پاکستان کو سنسنی خیزمقابلے کے بعدپینلٹی شوٹ آئوٹ پرشکست دے کر پہلی بارٹائٹل جیت لیا

ہفتہ 11 مئی 2024 21:10

ایپوہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2024ء) سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جاپان نے پاکستان کو سنسنی خیزمقابلے کے بعد پینلٹی شوٹ آئوٹ پر شکست دے کر پہلی بارٹائٹل اپنے نام کر لیا، فیصلہ کن معرکے میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ وقت تک مقابلہ 2-2گولز سے برابر رہا تاہم جاپان نے پینلٹی شوٹ آؤٹ پر پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گولز سے شکست دے کر پہلی بار اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

ہفتہ کے روز ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے گئے فائنل میں جاپان نے پہلے کوارٹر میں پاکستان کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل کی، دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کوئی گول سکور نہ کر سکیں ، تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے شاندار کھیل پیش کیا اور 1-2 کی برتری حاصل کر لی ، پاکستان کے احمد اعجاز نے 34ویں اور عبدالرحمان نے 37ویں منٹ میں گول کیا ، چوتھے کوارٹر میں جاپان کے کازوماسما نے گول کر کے میچ 2-2 گول سے برابر کر دیا ، چوتھے کوارٹر میں پاکستان کو برتری حاصل کرنے کے متعدد مواقع ملے تاہم قومی ٹیم اس کا فائدہ نہ اٹھا سکی اور میچ 2-2گولز سے برابر رہا،میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پینلٹی شوٹ آئوٹس دیئےگئے، پینلٹی شوٹ آؤٹس مرحلہ میں پاکستانی ٹیم اچھی کارکردگی نہ دکھا سکی ، پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف، ارشد لیاقت گول سکور کرنے میں ناکام رہے ، پینلٹی شوٹ آؤٹ مرحلہ میں پاکستان کی جانب سے واحد گول عماد بٹ نےکیا، قومی ٹیم ایونٹ کی سلور میڈلسٹ قرار پائی، فائنل کے مین آف دی میچ کا ایوارڈ رانا وحید اشرف کے نام رہا ۔

(جاری ہے)

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی صدر شہلا رضا اور سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے پاکستانی ٹیم کو سلور میڈل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
وقت اشاعت : 11/05/2024 - 21:10:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :