دوسرا ٹی ٹونٹی، انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف

جوس بٹلر کی نصف سنچری، شاہین آفریدی کی 3 وکٹیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 25 مئی 2024 20:02

دوسرا ٹی ٹونٹی، انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف
برمنگھم (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 مئی 2024ء ) 4 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا ہے۔ برمنگھم میں کھیلے جانے والے ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے، سالٹ 13 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ول جیک 37 رنز بناکر شاداب خان کا شکار بنے، جونی بیرسٹو 25 رنز بناکر عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، ہیری بروک 1 رن بناکر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوئے، بٹلر80 رنز بناکر حارث کا شکار بنے،جورڈن 3 رنز بنا کر شاہین شاہ آفرید ی کی گیند پر پویلین واپس لوٹے جبکہ معین علی 4 رنز بنا کر شاہین شاہ کا شکار بنے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے 3، عماد وسیم اور حارث رؤف نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 30 ٹی20 میچز کھیلے جا چکے ہیں جس میں 19 میچوں میں انگلینڈ نے جیت حاصل کی جبکہ 9 میچوں میں کامیابی پاکستان کا مقدر بنی اور دو میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔ انگلینڈ کی ٹیم جوز بٹلر (کپتان و وکٹ کیپر)، فل سالٹ، ول جیکس، جونی بیئرسٹو، ہیری بروک، معین علی، لیام لِیونگسٹن، کرس جورڈن، جوفرا آرچر، عادل راشد، ریس ٹوپلی پر مشتمل ہے جب کہ پاکستانی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، فخر زمان، شاداب خان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، محمد عامر شامل ہیں۔

خیال رہے کہ آئندہ ماہ سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل دونوں ٹیموں کے پاس تیاری کے لئے یہ سیریز آخری موقع ہے۔ اس سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لئے امریکا اور ویسٹ انڈیز روانہ ہوں گی۔
وقت اشاعت : 25/05/2024 - 20:02:04