پاکستان نے آئرلینڈ کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں باآسانی 7وکٹوں سے ہرا دیا،فخرزمان اوررضوان کی شاندار نصف سنچریاں

اتوار 12 مئی 2024 23:20

ڈبلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) پاکستان نے آئرلینڈ کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز1-1 سے برابر کر دی، گرین شرٹس نے 194 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں محض 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، 13 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد محمدرضوان اور فخر زمان نے میدان سنبھالا، دونوں بیٹرز نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 140 رنز جوڑ کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا،فخرزمان نے78 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ محمد رضوان 75 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

اتوار کو ڈبلن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستانی ٹیم کے قائد بابراعظم نے ٹاس جیت کر بائولنگ کا فیصلہ کیا، میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، لورکن ٹکر 51، ہیری ٹیکر 32 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان پال سٹرلنگ 11 رنز بنا سکے، گیرتھ ڈیلانے 28 اور گراہم ہوم 9 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، شاہین آفریدی نے 3، عباس آفریدی نے 2 محمد عامر اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16.5 اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 13 کے سکور پر اس کی دو وکٹیں گر گئیں، صائم ایوب 6 اور کپتان بابراعظم بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، اس موقع پر محمدرضوان اور فخر زمان آئرش بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بیٹرز نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ میں 140 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا،153 کے مجموعی سکور پر پاکستان کو فخرزمان کا نقصان اٹھانا پڑا،فخر نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب درگت بنائی، انہوں نے 40 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، اس موقع پر اعظم خان نے رضوان کا ساتھ دیا، دونوں بیٹرز نے چوتھی وکٹ میں 42 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلوائی، رضوان نے 46 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 75 جبکہ اعظم خان نے 10 گیندوں پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 30 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، مارک ایڈیئر، گراہم ہوم اور بین وائٹ نے ایک، ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 12/05/2024 - 23:20:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :