پاک بھارت ٹاکرا ڈراپ اِن پچز پر کیوں؟ ہربھجن سنگھ نے تنقید کے نشتر چلا دئیے

ایماندارانہ طور پر پچ کیوریٹرز بھی نہیں جانتے ہوں گے کہ یہ پچ کیسا برتاؤ کرے گی : سابق بھارتی کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 16 مئی 2024 13:16

پاک بھارت ٹاکرا ڈراپ اِن پچز پر کیوں؟ ہربھجن سنگھ نے تنقید کے نشتر چلا دئیے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 مئی 2024ء ) سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے ٹی20 ورلڈکپ 2024ء کیلئے پاک بھارت ٹیموں کا مقابلہ ڈراپ اِن پچز پر کرانے پر تنقید کے نشتر چلا دیئے۔ سٹار سپورٹس کے زیر اہتمام ایک پریس کانفرنس میں 43 سالہ سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر و کمنٹیٹر ہربھجن سنگھ نے 9 جون کو ٹی20 ورلڈکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں ڈراپ اِن پچز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایماندارانہ طور پر پچ کیوریٹرز بھی نہیں جانتے ہوں گے کہ یہ پچ کیسا برتاؤ کرے گی!، کتنا چلے گی اور کتنا باؤنس ملے گا؟۔

ہندوستانی سپنر جو اس بھارتی اسکواڈ کا حصہ تھے جس نے 2007ء کا T20 ورلڈ کپ جیتا تھا ،نے کہا کہ پچ سے متعلق نتیجہ اصل معنوں میں پریکٹس گیمز کے دوران معلوم ہوگا کہ پچ کس طرح کھیل رہی ہے، وارم اَپ میچز ٹیموں کیلئے اہم کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آئی سی سی نے گزشتہ روز نیویارک کے نساؤ کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح کیا تھا، یہ سٹیڈیم 9 جون کو پاک بھارت میچ سمیت 8 میچز کی میزبانی کرے گا، جہاں 34 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گجائش موجود ہے۔                                                                                                                                                                                
وقت اشاعت : 16/05/2024 - 13:16:58

متعلقہ عنوان :