فیڈرل بورڈ انٹرنیشنل اولمپیاڈ انفارمیٹکس کے مقابلے میں حصہ لے گا

جمعرات 16 مئی 2024 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد انٹرنیشنل اولمپیاڈ انفارمیٹکس (آئی او آئی ) کے مقابلے میں حصہ لے گا جو اس سال مصر میں منعقد ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اولمپیاڈ انفارمیٹکس (پی او آئی ) کے نام سے ملک بھر میں کئی کوالیفائنگ راؤنڈز کا انعقاد کیا گیا تاکہ پروگرامنگ اور مسائل حل کرنے کی صلاحیتوں کے حامل طلباء کی ٹیم کا انتخاب کیا جا سکے۔

پی او آئی کے پہلے کوالیفائنگ راؤنڈ کے لئے کل 360 طلباء نے اندراج کیا تھا۔ 66 طلباء نے پہلے راؤنڈ میں کوالیفائی کیا، جو آن لائن پلیٹ فارم Codeforces پر منعقد کیا گیا تھا۔ ان 66 امیدواروں کو 27 اپریل 2024 کو پی او آئی کے دوسرے راؤنڈ میں آنے سے پہلے پروگرامنگ ماہرین اور اشرافیہ یونیورسٹیوں کے پروفیسرز نے بڑے پیمانے پر تربیت دی تھی۔

(جاری ہے)

نتیجتاً پی او آئی کے فائنل راؤنڈ کے لئے بہترین 15 طلباء کا انتخاب کیا گیا۔

فائنل راؤنڈ 18 مئی 2024 کو مقرر ہے۔ راؤنڈ-II کے تمام 15 کامیاب طلباء کو شیڈول کے مطابق پی او آئی کے فائنل راؤنڈ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے مطلع کیا گیا ہے۔ آخری مرحلہ ایشیا پیسیفک انفارمیٹکس اولمپیاڈ (اے پی آئی او) کے آن لائن ٹیسٹ کے ذریعے منعقد کیا جائے گا۔ تمام 15 طلباء اےپی آئی او کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔اے پی آئی او میں شرکت طلباء کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اپنے مسائل کو حل کرنے اور پروگرامنگ کی مہارتوں کو بڑھانے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتی ہے، انہیں آئی او آئی جیسے مزید مقابلوں کے لیے تیار کرتی ہے۔

اے پی آئی او میں حصہ لینے والے بہت سے طلباء نے انٹرنیشنل اولمپیاڈ انفارمیٹکس (آئی او آئی ) میں تمغے جیتے ہیں، مثال کے طور پر 2023 میں ویتنامی ٹیم نے آئی او آئی میں تمام چاروں اراکین نے تمغے جیتے تھے، جن میں ایک سونے، دو چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ شامل تھا۔ اسی طرح 2021 میں ہانگ کانگ کی ٹیم نے آئی او آئی میں ایک طلائی اور تین چاندی کے تمغے جیتے، اس کے اراکین نے پہلے اے پی آئی او میں حصہ لیا تھا۔ امید ہے کہ پاکستانی ٹیم اس سال مصر میں ہونے والے آئی او اائی مقابلے میں اچھی کارکردگی دکھائے گی اور ملک کے لئے تمغے جیتے گی۔
وقت اشاعت : 16/05/2024 - 18:10:24

متعلقہ عنوان :