یوسین بولٹ ویسٹ انڈیز کے تیسری مرتبہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کیلئے پرامید

جمعرات 16 مئی 2024 18:50

گیانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) اولمپک لیجنڈ یوسین بولٹ نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کو سپورٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کیریبیز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل تیسری مرتبہ اپنے نام کر کے یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔

(جاری ہے)

نسائو کائونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ایک انٹرویو کے دوران آٹھ مرتبہ کے اولمپک چیمپئن اور دنیا کے تیز ترین آدمی یوسین بولٹ نے اپنی ہوم ٹیم کی سپورٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ اپنی ہوم ٹیم کو سپورٹ کرتا ہوں، ہمارے پاس کچھ جارحانہ بلے باز موجود ہیں، اگر ہم نے اپنی صلاحیتوں کا درست استعمال کیا تو یقینا ویسٹ انڈیز جیت سکتا ہے۔

ویسٹ انڈین کرکٹ کا سنہری دور گزرے طویل عرصہ ہوگیا جب کیریبینز نے پچاس اوور پر مشتمل ابتدائی دو ورلڈ کپ اپنے نام کئے جبکہ گزشتہ سال بھارت میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کیلئے تو ہم کوالیفائی بھی نہ کر سکے تاہم 27 سالوں میں پہلی مرتبہ رواں سال جنوری میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں فتح کے بعد امید پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز 2012ء اور 2016ء ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ والی کارکردگی کو دہرائے گی۔
وقت اشاعت : 16/05/2024 - 18:50:18