ٹمبر وولز اسلام آباد نے وائی ایم سی اے لاہور کو شکست دے کر آل پاکستان 3x3 رمضان کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے کلب کیٹیگری کا فائنل جیت لیا

اتوار 19 مئی 2024 18:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2024ء) ٹمبر وولز اسلام آباد نے فیصلہ کن معرکے میں وائی ایم سی اے لاہور کو شکست دے کر آل پاکستان 3x3 رمضان کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے کلب کیٹیگری کا فائنل جیت لیا۔اتوار کو یہاں پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام 6 روزہ ٹورنامنٹ کی کلب کیٹیگری کے فائنل میں وائی ایم سی اے لاہور نے 10-6 پوائنٹس کے ساتھ میچ کے وسط تک فائنل میں غلبہ حاصل کیا تاہم علی حمزہ کاظمی نے آخری دو منٹوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ٹمبر وولوز ٹیم کو لگاتار 6 پوائنٹس کی مدد سے14 کے مقابلے میں 18 پوائنٹس سے فائنل جیت کر گیم کو اپنے حق میں بدل دیا۔

فاتح ٹیم کی جانب سے علی حمزہ کاظمی نے 14 اور شیر شہزاد نے چار پوائنٹس اسکور کیے جبکہ وائی ایم سی اے کی جانب سے خالد سعدی نے سات اور محمد سلمان نے پانچ پوائنٹس اسکور کیے۔

(جاری ہے)

پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) محمد افتخار منصور جو اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے نے ٹورنامنٹ کے بہترین انتظامات کرنے پر ٹورنامنٹ کے آرگنائزنگ سیکرٹری اوج ظہور اور دیگر تمام ممبران کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن ملک میں باسکٹ بال کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی بالخصوص مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کا انعقاد کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع ملے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ محمد سعید اختر، پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری اور آرگنائزنگ کمیٹی کے سیکرٹری اوج ای ظہور، صدر فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن اعجاز رفیع بٹ، پی بی بی ایف کے چیئرمین سلیکشن کمیٹی کرنل (ر) شجاعت علی رانا، قومی کوچ ملک محمد ریاض بھی موجود تھے۔

اختتامی تقریب میں محمد اعظم ڈار اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔قبل ازیں کلب ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں ٹمبر وولوز نے بلز اے کو 18-11 پوائنٹس سے اور وائی ایم سی اے نے ریپرس ریڈ کو 20-12 پوائنٹس سے شکست دی۔
وقت اشاعت : 19/05/2024 - 18:50:15