میرپور ٹیسٹ ، چوتھے روز بنگہ دیشی ٹیم شدید مشکلات کا شکار

ہفتہ 9 مئی 2015 11:11

میرپور ٹیسٹ ، چوتھے روز بنگہ دیشی ٹیم شدید مشکلات کا شکار

میر پور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار9مئی۔2015ء) میرپور ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان کے خلاف شدید مشکلات کا شکار ہے اور میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں کھانے کے وقفے پر پانچ وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا لیے ہیں ،اس وقت کریز پر سومیا سرکار اور مومن الحق موجود ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق میچ کے چوتھے روز بنگلہ دیش نے ایک وکٹ کے نقصان پر 63 رنز سے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو تمیم اقبال اور مومن الحق نے سکور میں مزید 23 رنز کا اضافہ کیا ۔

اس موقع پر عمران خان نے تمیم اقبال کو 42 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ کروا کے پاکستان کو اہم وکٹ دلوائی ۔ تمیم اقبال اس پوری سیریز کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے۔ انھوں نے کھلنا ٹیسٹ میں بھی ڈبل سنچری بنا کر بنگلہ دیش کو میچ برابر کرنے میں مدد دی تھی ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے ہی دو رنز بنانے والے محمود اللہ کو یونس خان کے ہاتھوں کیچ کروا کے بنگلہ دیش کی مشکلات بڑھا دیں ۔

پہلی اننگز میں جارحانہ بلے بازی کرنے والے شکیب الحسن 13 رنز ہی بنا سکے اور حفیظ کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ۔ کپتان مشفق الرحیم بغیر کوئی رن بنائے یاسر شاہ کی دوسری وکٹ بنے ۔ اس سے قبل تیسرے دن پاکستان کی جانب سے 550 رنز کا ہدف ملنے کے بعد بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور امرالقیس نے دوسری اننگز شروع کی تھی ۔ بنگلہ دیشی اوپنرز نے ٹیم کو 48 رنز کا آغاز دیا اور اس شراکت کا خاتمہ پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ نے کیا ۔

آؤٹ ہونے والے بلے باز امروالقیس 16 رنز بنانے کے بعد ایک سپن ہوتی گیند پر بولڈ ہوئے ۔ پاکستان نے اس میچ میں بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں 203 رنز پر آؤٹ کرنے کے باوجود فالو آن نہ کروانے کا فیصلہ کیا تھا اور دوسری اننگز چھ وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی ۔ یہ اس میچ میں لگاتار دوسرا موقع تھا کہ پاکستان نے اننگز ڈیکلیئر کی۔

پہلی اننگز میں بھی پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 557 رنز بنانے کے بعد بنگلہ دیش کو بلے بازی کے لیے کہا تھا ۔ پاکستان اس دورۂ بنگلہ دیش میں تاحال فتح کی تلاش میں ہے۔ بنگلہ دیش نے پہلے پاکستان کو تینوں ون ڈے میچوں اور پھر دورے کے واحد ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں بھی ہرایا تھا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھلنا میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بھی بےنتیجہ رہا تھا اور یہ پہلا موقع تھا کہ بنگلہ دیشی ٹیم نو ٹیسٹ میچوں میں پاکستان سے نہیں ہاری۔

وقت اشاعت : 09/05/2015 - 11:11:36