روسو ٹیسٹ : کینگروز نے کالی آندھی کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا ،سیریز میں 1-0کی برتری

ہفتہ 6 جون 2015 13:04

روسو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جون۔2015ء)روسو میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو نو وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔آسٹریلیا نے میچ کے تیسرے دن 46 رنز کا مطلوبہ ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔اس سے پہلے ویسٹ انڈیر کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 216 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے دوسری اننگز میں مارلن سیموئل سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 74 جبکہ شین ڈورچ نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 70 رنز بنائے۔ان دونوں بیٹسمینوں کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے دیگر کھلاڑی آسٹریلیا کی تباہ کن بولنگ کا سامنا نہ کر سکے۔ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں اس کے چھ بیٹسمینوں کا سکور دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں مچل سٹارک نے چار جبکہ مچل جانسن، ہیزل وڈ اور نیتھن لیون نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔اس سے پہلے آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کے 148 رنز کے جواب میں 318 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئی تھی۔آسٹریلیا کی جانب سے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ایڈم ووجز نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 130 رنز بنائے اور آوٴٹ نہیں ہوے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے دوسری اننگز میں شین ڈورچ نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 70 رنز بنائیایڈم ووجز کے علاوہ آسٹریلیا کے دیگر بیسٹمین اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلی اننگز میں بشو نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے چھ کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔جمعرات کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 148 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئی تھی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلی اننگز میں شائی ہوپ نے سب سے زیادہ 36 رنز جبکہ جیسن ہولڈر نے 21 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں مچل جانسن اور ہیزل وڈ نے تین تین جبکہ جچل سٹارک نے دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔آسٹریلیا کے ایڈم ووجز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

وقت اشاعت : 06/06/2015 - 13:04:43