ہندوستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں سیریز میں شکست

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 21 جون 2015 22:23

ہندوستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں سیریز میں شکست

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21جون۔2015ء) بنگلہ دیشی ٹیم نے ہندوتسان کو لگاتار دوسرے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ ہندوستانی کپتان دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ان کا یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا اور روہت شرما صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ ویرات کوہلی اور شیکھر دھون نے دوسری وکٹ کے لیے 74 رنز جوڑے لیکن 23 رنز بنانے کے بعد کوہلی ناصر حسین کی وکٹ بن گئے۔

دھون نے شاندار بلے بازی جاری رکھتے ہوئے 53 رنز کی اننگ کھیلی لیکن 109 کے اسکور پر وہ بھی پویلین لوٹ گئے جبکہ ایک رن کے اضافے سے امبتی رائیڈو کی اننگ کی بھی تمام ہوئی۔ اس موقع پر کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور سریش رائنا نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کرتے ہوئے 53 رنز کی شراکت قائم کی لیکن پھر دونوں ہی کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

اسکور 198 تک پہنچا تو ہندوستانی ٹیم آٹھ کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی تاہم اسی موقع پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک بارش نے مداخلت جاری رکھی جس کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو اسے فی اننگ 47 اوورز تک محدود کردیا گیا۔ میچ دوبارہ شروع ہوا تو جدیجا پہلی ہی گیند پر 19 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ اگلے ہی اوور میں 200 کے مجموعی اسکور پر دسواں ہندوستانی کھلاڑی بھی پویلین لوٹ گیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے گزشتہ میچ میں پانچ وکٹیں لینے والے مستفیض الرحمان نے اس اننگ میں بھی شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چھ کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ جواب میں بنگلہ دیش نے بلے بازوں کی ذمے دارانہ کارکردگی کی بدولت میچ میں چھ وکٹ سے فتح اپنے کر لی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن ناقبل شکست 51 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ مشفیق الرحیم نے 31، لٹن داس نے 34 اور سومیا سرکار نے 36 رنز بنا کر ہندوستانی شکست پر مہر ثبت کردی۔ مستفیض کو چھ وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

وقت اشاعت : 21/06/2015 - 22:23:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :