آزادی ایک نعمت ہے جس کی جتنی قدر کی جائے کم ہے،عاطف اقبال

کھیل کے میدانوں میں قوم کا نام روشن کرنے والے ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں،رئیس خان

منگل 12 اگست 2025 19:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء) آر کے اسپورٹس مینجمنٹ کے چیئرمین عاطف اقبال اور چیف ایگزیکٹو رئیس خان نے پوری قوم کو 78ویں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی ایک بڑی نعمت ہے جس کی جتنی قدر کی جائے کم ہے ۔قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت اور لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کی بدولت ہم آج ایک آزاد مملکت میں سانس لے رہے ہیں ۔

78سالوں میں مختلف شعبوں کے علاوہ ملک میں کھیل کے شعبے نے بھی نمایاں ترقی کی ہے ۔ہم کھیل کے میدانوں میں قوم کا نام روشن کرنے والے اپنے ان ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں ۔یوم آزادی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں عاطف اقبال اور رئیس خان نے کہا کہ آزادی کی قدر کرنا ہم سب پر فرض ہے ۔

(جاری ہے)

ہمیں اس یوم آزادی پر عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنے تمام اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کی ترقی میں اپنا حصہ کا کردار ادا کریں گے ۔

انہوںنے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور دیگر اکابرین نے جس مقصد کے لیے یہ ملک حاصل کیا تھا اس کی تکمیل ہم سب پر فرض ہے ۔انہوںنے کہا کہ 78سالوں میں جہاں ملک نے مختلف شعبوں میں لوہا منوایا وہیں اسپورٹس کے شعبے کی کارکردگی کو نظرانداز نہیں کیا جاتا ہے ۔پاکستان نے کرکٹ ،ہاکی ،اسکواش اور اسنوکر کا ورلڈ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ۔اولمپکس گیمز میں گولڈ میڈل سمیت دیگر تمغے حاصل کیے ۔اسی طرح دیگر کھیلوں میں کھلاڑیوں نے دنیا کے ہر کونے میں سبز ہلالی پرچم کو لہرایا ہے ۔عاطف اقبال اور رئیس خان نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے۔
وقت اشاعت : 12/08/2025 - 19:11:33