حسین جہاں سے شادی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی،محمد شامی

پیر 15 ستمبر 2025 17:24

حسین جہاں سے شادی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی،محمد شامی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق چونکا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے سابق اہلیہ سے شادی کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دے دیا۔محمد شامی نے ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران بتایا کہ میں نے 2014ء میں حسین جہاں سے شادی کی تھی، لیکن 2018ء میں ہمارے درمیان اختلافات بڑھنے کے بعد ہم الگ رہنے لگے، اسی سال حسین جہاں نے مجھ پر گھریلو تشدد کا مقدمہ بھی دائر کیا۔

شامی نے کہا کہ زندگی بہت کچھ سکھا دیتی ہے اور میں مانتا ہوں کہ یہ میری زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی، میں کسی کو قصوروار نہیں ٹھہراتا، یہ میری قسمت تھی، جو کچھ بھی ہوا، وہ سب تقدیر کا حصہ تھا اور میں نے حقیقت کو قبول کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالتی کیسز اور گھریلو تنازعات کے باوجود کھیل پر فوکس رکھنا انتہائی مشکل تھا، یہ سب کچھ بہت چبھتا تھا، جب آپ سخت مقابلے والا میچ کھیل رہے ہوں تو ایک طرف کھیل پر توجہ رکھنی ہوتی ہے اور دوسری طرف گھر کے مسائل ذہن میں چل رہے ہوتے ہیں، یہ بہت دباؤ والا وقت تھا۔

شامی نے انکشاف کیا کہ میں نے کئی بار مسئلے کو ختم کرنے اور سمجھوتہ کرنے کی کوشش کی، کیونکہ کوئی بھی گھر میں لڑائی نہیں چاہتا، خاص طور پر جب وہ ملک کے لیے کھیل رہا ہو تاہم، یہ فیصلہ میری اہلیہ پر بھی منحصر تھا اور انہوں نے کوئی تبدیلی نہ لانے کا فیصلہ کیا۔سوشل میڈیا پر ہونے والی بدزبانی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے خلاف پچھلے 6-7 سالوں میں اتنے الزامات لگے ہیں کہ شاید کسی دہشت گرد پر بھی نہ لگے ہوں، لیکن اس پر میرا کوئی اختیار نہیں۔انہوں نے بتایا کہ میرے خاندان میں بیٹی کی پیدائش کو زیادہ خوشی سے منایا جاتا ہے اور میں نے کبھی اپنے والد کو گھر کی خواتین پر غصہ کرتے نہیں دیکھا۔
وقت اشاعت : 15/09/2025 - 17:24:37