سیم کرن کی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن، فٹنس مسائل آڑے آ گئے

اسٹوکس کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم کو ایک متوازن آل رائونڈر کی ضرورت ہے اور وہ اس کردار کیلیے اہم امیدوار ہیں، مارکس نارتھ

جمعہ 7 اگست 2026 21:46

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2026ء) انگلینڈ کے آل رائونڈر سیم کرن کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سیم کرن کو فٹنس خدشات کے باعث پاکستان کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز کے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ انگلش ٹیم کے سلیکٹر مارکس نارتھ کے مطابق اگر سیم کرن مکمل طور پر فٹ ہوتے تو یقینی طور پر ٹیم کا حصہ ہوتے۔

مارکس نارتھ نے بتایا کہ بین اسٹوکس کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم کو ایک متوازن آل رانڈر کی ضرورت ہے اور سیم کرن اس کردار کے لیے اہم امیدوار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کرن نے رواں موسمِ گرما میں مسلسل کرکٹ کھیلی اور معمولی انجریز کے باوجود عمدہ کارکردگی دکھائی لیکن موجودہ صورتحال میں انہیں مزید آرام دینا بہتر سمجھا گیا۔مارکس نارتھ نے امید ظاہر کی کہ میڈیکل اسٹاف آئندہ ہفتوں میں سیم کرن کی مکمل بحالی پر کام کرے گا تاکہ وہ 9 ستمبر سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہو سکیں۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جبکہ ٹیم انتظامیہ کے مطابق سیم کرن مستقبل کے منصوبوں میں اہم مقام رکھتے ہیں اور مکمل فٹ ہونے پر دوبارہ ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 07/08/2026 - 21:46:11