سابق انگلش کپتان بوتھم نے پاکستان کو فیورٹ ماننے سے انکار کردیا

بدھ 21 اکتوبر 2015 21:23

سابق انگلش کپتان بوتھم نے پاکستان کو فیورٹ ماننے سے انکار کردیا

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء) انگلینڈ کے سابق کپتان آئن بوتھم نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز میں میزبان ٹیم کو فیورٹ ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں ڈرامائی ڈرا سے مصباح الحق کی ٹیم کے اعتماد کو دھچکا لگا ہے۔ بوتھم نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر حیرانی ہوئی کہ لوگ پاکستان کو سیریز کا ممکنہ فاتح قرار دے رہے ہیں۔

پاک انگلینڈ سیریز کے حوالے تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیریز سے قبل پاکستان کس طرح سے فیورٹ تھا، یہ ایسا ہی ہے جیسے ایشز سے قبل آسٹریلیا کو فیورٹ قرار دیا گیا تھا۔بوتھم نے کہا کہ انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی کارکردگی سے دوسرے ٹیسٹ کیلئے پاکستان پر انتہائی گہرا اثر چھوڑا ہے اور وہ دبئی ٹیسٹ میں ڈرے ہوئے ہوں گے۔

(جاری ہے)

سابق انگلش کپتان کے مطابق انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو جس حد تک نقصانات پہنچائے ہیں اس سے ان کیلئے سیریز میں واپسی انتہائی مشکل ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلی اننگ میں بڑا اسکور کرنے کے باوجود پاکستانی ٹیم میچ پر اپنی گرفت مضبوط نہ رکھ سکی جو مصباح الحق کی ٹیم کیلئے ایک پریشان کن امر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم سوچ رہی ہوگی کہ وہ ایلسٹر کک، جو روٹ اور اسپنر عادل راشد پر کیسے قابو پائیں۔سابق انگلش کپتان نے اس موقع پر دعویٰ کیا کہ انگلینڈ کی موجودہ ٹیم متحدہ عرب امارات میں پاکستان کو سیریز میں شکست دینے والی پہلی ٹیم ہو گی۔

وقت اشاعت : 21/10/2015 - 21:23:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :