دوسرا ٹیسٹ ، یونس خان کو باونڈری لائن سے ایک کی بجائے دو گیندیں مل گئیں

ہفتہ 24 اکتوبر 2015 20:31

دوسرا ٹیسٹ ، یونس خان کو باونڈری لائن سے ایک کی بجائے دو گیندیں مل گئیں

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار24اکتوبر۔2015ء ) کرکٹ کی تاریخ میں کئی ریکارڈز بنتے اور ٹوٹتے ہیں اور کئی انوکھے واقعات بھی رونما ہو چکے ہیں جنہیں آج تک یاد کیا جاتا ہے ، مذکورہ فہرست میں آج ایک اور واقعے کا اضافہ اس وقت ہوگیا جب دبئی میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے دوران سلپ میں کھڑے یونس خان انگلش بلے باز جونی بیئرسٹو کی جانب سے کھیلی گئی کٹ شاٹ پر چوکا روکنے کیلئے باﺅنڈری کی جانب بھاگے ۔

یونس چوکا روکنے میں تو کامیاب نہ ہو سکے تاہم وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ وہ جس گیند کے پیچھے بھاگ رہے تھے اس کے بالکل قریب باﺅنڈری کے اندر ایک اور گیند پڑی ہے ۔ یاد رہے کہ عموماً کسی بھی میچ کے دوران باﺅنڈری کے اندر یا باہر کوئی دوسری گیند موجود نہیں ہوتی اور اگر کسی وجہ سے امپائرز کو گیند تبدیل یا پھر نئی گیند لینی پڑے تو اس کیلئے بھی پہلے کال دی جاتی ہے اور پھر فورتھ امپائر گیند سے بھرا ڈبہ لے کر اندر آتا ہے ۔

(جاری ہے)

یونس کے ساتھ شائقین، کمنٹیٹرز اور امپائرز بھی حیران رہ گئے کہ آخر باﺅنڈری کے اندر دوسری گیند کیسے پڑی رہ گئی ؟ یہ واقعہ ابھی تک معمہ ہے تاہم اس کی وضاحت ضروری ہے کیونکہ کھلاڑیوں کیساتھ ساتھ شائقین بھی یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آخر باﺅنڈری کے اندر دوسری گیند آئی کہاں سے تھی ۔ دوسری جانب کرکٹ ماہرین کا کہنا کہ ممکنہ طور پر میچ سے پہلے نیٹ پریکٹس کی دوران کسی کھلاڑی کی جانب سے کھیلی گئی شاٹ پر مذکورہ گیند یہاں آگری ہوگی جس پر کسی کی نظر نہیں گئی ہوگی ۔

وقت اشاعت : 24/10/2015 - 20:31:27