بنگلہ دیش نے پاکستان کو5وکٹوں سے شکست دیکرٹی20ایشیاء کپ سے باہرکردیا

پاکستان کی ٹیم مقررہ بیس اوورزمیں129رنزبناسکی،مخالف ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوورمیں پانچ وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا سومیاسرکارکو48رنزکی شانداراننگ کھیلنے پرمین آف دی میچ کاایوارڈدیاگیا بنگلہ دیش پاکستان کیخلاف کامیابی کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیاہے جہاں اس کامقابلہ بھارت سے ہوگا

بدھ 2 مارچ 2016 22:51

بنگلہ دیش نے پاکستان کو5وکٹوں سے شکست دیکرٹی20ایشیاء کپ سے باہرکردیا

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) بنگلہ دیش نے پاکستان کو5وکٹوں سے شکست دیکرٹی20ایشیاء کپ سے باہرکردیا،پاکستان کی ٹیم مقررہ بیس اوورزمیں129رنزبناسکی،مخالف ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوورمیں پانچ وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا،سومیاسرکارکو48رنزکی شانداراننگ کھیلنے پرمین آف دی میچ کاایوارڈدیاگیا،بنگلہ دیش پاکستان کیخلاف کامیابی کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیاہے جہاں اس کامقابلہ بھارت سے ہوگا۔

بدھ کومیرپورڈھاکہ میں کھیلے گئے اہم میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔شرجیل خان اور خرم منظور نے اننگز کا آغاز کیا۔ خرم منظور صرف ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔شرجیل خان ایک مرتبہ پھر پاکستان کو بہتر آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور صرف دس رنز بنا کر کلین بولڈ ہوگئے۔

(جاری ہے)

تیسرے آؤٹ ہونیوالے پاکستانی بلے باز محمد حفیظ تھے جو صرف دو رنز بناکرامپائرکے ایک متنازع فیصلے کی بھینٹ چڑھ گئے۔

عمر اکمل صرف چار رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔اس کے بعدسرفراز احمد اور شعیب ملک نے محتاط اندازمیں کھیلتے ہوئے سکورکوآگے بڑھایااوردونوں کے درمیان 70 رنزکی شراکت داری ہوئی جس کے بعدشعیب ملک 41 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔کپتان شاہد آفریدی ایک بار پھر ناکام رہے اور بغیرکوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سرفراز احمد نے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔

بنگلہ دیشی بولرز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پاکستانی بلے بازوں کو آسانی سے رنز بنانے کا موقع نہیں دیا اور وقفے وقفے سے وکٹیں بھی حاصل کرتے رہے۔پاکستانی ٹیم نے مقررہ بیس اوورزمیں سات وکٹوں کے نقصان پر129رنزبنائے۔بنگلہ دیش کی جانب سے الامین حسین تین اور عرفات سنی دو وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے۔130رنزکے ہدف کیلئے بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور صومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا تو تمیم اقبال سات رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

صابر رحمان 14 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر کلین بولد ہوگئے۔تاہم سومیاسرکارنے وکٹ کے ایک طرف موجود رہ کرہدف کے حصول کی جانب پیشرفت جاری رکھی وہ 48 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد محمد عامر کی ایک تیز گیند پر کلین بولڈ ہو ئے اور اگلے ہی اوور میں شعیب ملک نے مشفیق الرحیم کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔جس کے بعدبنگلہ دیش کے بلے بازمحتاط اندازمیں کھیلنے پرمجبورہوگئے تاہم ہدف زیادہ دورنہ ہونے کی وجہ سے رنزمیں اضافے کاسلسلہ جاری رہابنگلہ دیش کے پانچویں آؤٹ ہونیوالے شکیب الحسن تھے جو آٹھ رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے۔

اس موقع پرمیچ سنسنی خیزمرحلے میں داخل ہوگیا تاہم انیسویں اوورز محمدسمیع نے دونوبالزکے ساتھ مخالف ٹیم کو15رنزدیکربنگلہ دیش کیلئے ہدف مزیدآسان بنادیا۔آخری اوورمیں بنگلہ دیش کوجیت کیلئے صرف تین رنزدرکارتھے محموداﷲ نے انورعلی کی پہلی ہی گیندپرچھکامارکراپنی ٹیم کوکامیابی دلادی۔محموداﷲ 22اورمشرفی مرتضی12رنزبناکرناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے محمدعامرنے دو،شاہدآفریدی، محمدعرفان اورشعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کیخلاف کامیابی کیساتھ ہی بنگلہ دیش ایشیاء کپ کے فائنل میں پہنچ گیاجبکہ پاکستان کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہرہوگئی گرین شرٹس اپناآخری میچ سری لنکاکیخلاف جمعہ کوکھیلیں گے۔

وقت اشاعت : 02/03/2016 - 22:51:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :