پی سی بی نے خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا ، نئے کوچ کی تعیناتی میں رہنمائی کیلئے رمیز ‘وسیم اکرم پر مشتمل پینل تشکیل دیدیا گیا

دورہ انگلینڈ کے مشکل ٹور کیلئے پاک آرمی کی کوارڈی نیشن سے قومی ٹیم کے کھلاریوں کا ایبٹ آباد میں بوٹ کیمپ لگایا جائے گا کمیٹی کی سفارشات کو خوش آمدید کہتا ہوں، کسی کو قربانی کا بکرا بنایا اور نہ ہی الزام تراشی کا کھیل کھیلا گیا‘ شہر یا رخان

پیر 4 اپریل 2016 22:45

پی سی بی نے خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا ، نئے کوچ کی تعیناتی میں رہنمائی کیلئے رمیز ‘وسیم اکرم پر مشتمل پینل تشکیل دیدیا گیا

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اپریل۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیاء کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کاجائزہ لینے کیلئے قائم خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر سلیکشن کمیشن کو فوری طور پر تحلیل کر دیا ، نئے کوچ کی تلاش میں رہنمائی کے لئے سابق کرکٹرز وسیم اکرم اور رمیز راجہ پر مشتمل پینل تشکیل دیدیا گیا ،کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں انگلینڈ کے مشکل ٹور کیلئے پاک آرمی کی کوارڈی نیشن سے قومی ٹیم کے کھلاریوں کا ایبٹ آباد میں بوٹ کیمپ لگایا جائے گا جبکہ پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ کسی کو قربانی کا بکرا نہیں بنایا اور نہ ہی الزام تراشی کا کھیل کھیلا ہے۔

پی سی بی کی طرف سے قائم کمیٹی نے کرکٹ کی بہتری کے لئے قلیل اور طویل مدتی سفارشات پیش کی ہیں جس پر بورڈ کے چیئرمین نے اقدامات کرنے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی نے کہا ہے کہ نئی سلیکشن کمیشن کا اعلان جلد کر دیا جائے گا ۔ شاہد آفریدی کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تک کپتان بر قرار رکھا گیا تھا ان کی جگہ جلد نیا کپتان بنایا جائے گا جبکہ وقار یونس عوام کے سامنے اپنا استعفیٰ پیش کر چکے ہیں ۔

ان کی جگہ نئے کوچ کی تعیناتی کیلئے سابق کرکٹرز وسیم اکرم اور رمیز راضہ پر مشتمل پینل تشکیل دیدیا گیا ہے ۔ پی سی بی کے مطابق کمیٹی کی رپورٹ میں ٹیم کی خراب کارکردگی کے پیچھے کھلاڑیوں کی خراب فٹنس کو وجہ قرار دیا گیا ہے جس پر پی سی بی نے کھلاڑیوں سے کئے جانے والے معاہدے میں فٹنس سٹینڈرڈ کو لازم اور فٹس سٹینڈرڈ تک نہ پہنچنے والے کھلاڑیوں کو جرمانے کی شق پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا ہے ۔

پاکستانی ٹیم رواں سال موسم گرما میں انگلینڈ جارہی ہے اس سلسلہ میں سپیشل کمیٹی کی سفارشات پر پاکستان آرمی کے تعاون سے ایبٹ آباد میں ایک بوٹ کیمپ قائم کیا جائے گا جہاں کھلاڑیوں کو کو سخت مشقوں کے ذریعے دورہ انگلینڈ کے ٹو ر کیلئے تیار کیا جائے گا ۔میڈیا میں پی سی بی سے متعلق بڑھتی ہوئی تنقید اور منفی تاثر کو زائل کرنے کے لئے پی سی بی کا ترجمان مقرر کیا جائے گا جس کی باقاعدہ بریفنگز ہوں گی ۔

کھلاڑیوں کی ذہنی و جسمانی نشوو نما کی بہتری کے لئے جلد ہی ایک سائیکالوجسٹ او ر ماہر خوراک کا تقرر کیا جائے گا ۔کمیٹی کی طرف سے لانگ ٹرم سفارشات بھی پیش کی گئی ہیں جس کے مطابق کھیل کے فروغ کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو موثر بنانے کیلئے از سر نو جائزہ لیا جائے ۔ کھلاڑیوں کی جسمانی کارکردگی اور فیلڈنگ میں کمزوری کو دور کرنے کے لئے ایک فٹنس اور فیلڈنگ شیڈول جاری کیاجائے جس کے معیار پر پورا اترنے والے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا ۔

پی سی بی نے حال ہی میں سکول ، یونیورسٹی او رکلب پول کرکٹ کے فروغ کیلئے معاہدہ کیا ہے جو ادارے سسٹم کی نظر ہو جاتے ہیں ان کا خیال رکھا جا ئے گا۔ پی ایس ایل کی کامیابی کے بعد علاقائی سطح پر بھی پی ایس ایل کی طرز کی سپانسر شپ کا انتظام کیا جائے گا ۔ موجودہ پی سی بی کمیٹی کی تجدید نو کی جائے گی ۔ پچوں اور ان کی کیوریشن پر خصوصی توجہ دی جائے گی جس کے بار ے میں ہدایات دی جا چکی ہیں۔

لمز یونیورسٹی کی کواڈی نیشن او رتعاون سے عرصہ دراز سے غیر فعال بائیو مکینکس لیب کو فعال بنایا جائے گا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے سفارشات مرتب کرنے لی کمیٹی کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیٹی کی سفارشات پر تین سے چھ ماہ کے دوران عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔کمیٹی کی طرف سے پیش کی جانے والی رپورٹ میں اہم سفارشات شامل ہیں جنہیں خوش دلی سے قبول کرتا ہوں ۔

انہوں نے سلیکشن کمیٹی ، کوچ اور ٹی ٹونٹی کپتان کے بارے میں کئے جانے والے فیصلے کو مشکل ترین قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ کرکٹ کی بہتری کے لئے کمیٹی کی سفارشات پر عمل پیرا ہونے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ اب وقت آ گیا ہے کرکٹ کی ترقی اور فروغ کے لئے آگے بڑھا جائے ۔ انہوں نے وقار یونس ، شاہد آفریدی او ر ہارون الرشید کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پی سی بی نے کسی کو قربانی کا بکرا نہیں بنایا اور نہ ہی الزام تراشی کا کھیل کھیلا ہے۔

وقت اشاعت : 04/04/2016 - 22:45:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :