دنیا کے بہترین کھلاڑی کا چناوٴ، مقابلے میں پاکستانی کھلاڑی سب سے آگے

muhammad ali محمد علی اتوار 17 اپریل 2016 00:04

دنیا کے بہترین کھلاڑی کا چناوٴ، مقابلے میں پاکستانی کھلاڑی سب سے آگے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔16اپریل 2016ء ) دنیا کے بہترین ون ڈے کھلاڑی کے چناوٴ کیلئے آن لائن ووٹنگ شروع ہوگئی ، اب تک کی ہونیوالی ووٹنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا پلڑا بھاری رہا ۔تفصیلات کے مطابق کرکٹ آسڑیلیا پر دنیا کے بہترین ون ڈے کھلاڑی کے چناوٴ کیلئے آن لائن ووٹنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ آن لائن ووٹنگ میں دنیا بھر سے 6 سابق پاکستانی کرکٹرزسمیت64 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے ۔

آن لائن ووٹنگ کیلئے لوگوں کو دنیا کے مایہ ناز ون ڈے کھلاڑی کا چناوٴ کرنیکا کہا گیا ہے ۔ اس ووٹنگ کی دوڑ میں پاکستان کے سعید انور، وسیم اکرم جاوید میانداد، عمران خان، وقار یونس، شعیب اختر شامل ہیں اور اب تک ہوئی ووٹنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو حریفوں پر سبقت حاصل ہے۔1992ء کا ورلڈ کپ جیتنے والے سابق کپتان عمران خان کے مدمقابل نیوزی لینڈ کے سر رچرڈ ہیڈلی ہیں جنہیں اب تک صرف 21 فیصد اور عمران خان کو 79 فیصد ووٹ ملے ۔

(جاری ہے)

راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کو ابتک 52 فیصد ووٹ ملے جبکہ انکے مقابلے میں سابق آسٹریلیوی سپیڈ سٹار بریٹ لی کو 48 فیصد ووٹ ملے۔ سابق کپتان جاوید میانداد کو اب تک 70 فیصد ووٹ ملے اور ان کے مقابلے میں بھارت کے سابق کپتان اظہرالدین محض 30 فیصد ووٹ حاصل کرسکے ۔قومی ٹیم کے مایہ ناز اوپنر سعید انور نے آن لائن ووٹنگ میں بھارت کے سابق کپتان سارو گنگولی کو مات دی ہوئی ہے اور وہ 56 فیصد کے ساتھ آگے ہیں۔

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کینگرو پیسر مچل سٹارک کے 23فیصد کے مقابلے میں 77 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ ریورس سوئنگ کے ماسٹر وقار یونس نے ابتک کی ووٹنگ میں 73 فیصد ووٹ حاصل کیے اور ان کے مقابلے میں مچل جونسن کو محض 23 فیصد ووٹ پڑے۔کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں 64 کھلاڑی شامل ہونگے، دوسرے مرحلے میں 32 کھلاڑی نامزد ہونگے ، اسکے بعد تیسرے مرحلے میں 16 ، چوتھے میں 8 اور پانچویں مرحلے میں 4 کھلاڑی شامل ہونگے جن میں سے ایک کا نام فائنل کیا جائیگا جو دنیا کا بہترین ون ڈے کھلاڑی ہو گا۔
وقت اشاعت : 17/04/2016 - 00:04:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :