پی سی بی نے شاہد آفریدی، عمراکمل اور احمد شہزاد کو فٹنس ٹیسٹ کے لئے کیمپ میں طلب کر لیا

ہفتہ 7 مئی 2016 17:02

پی سی بی نے شاہد آفریدی، عمراکمل اور احمد شہزاد کو فٹنس ٹیسٹ کے لئے کیمپ میں طلب کر لیا

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مئی۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ سے قبل لگائے جانے والے فٹنس کیمپ کے لئے شاہد آفریدی، عمر اکمل اور احمد شہزاد کو طلب کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دورہ انگلینڈ کے لئے ایبٹ آباد میں لگنے والے تربیتی کیمپ کے لئے 35کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا تھا جس میں شاہد آفریدی، عمراکمل، احمد شہزاد اور فاسٹ بولر محمد عرفان کو ڈراپ کردیا گیا تھا جبکہ محمد حفیظ کی شرکت کو بھی فٹنس سے مشروط کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم اب پی سی بی نے دورہ انگلینڈ سے قبل لگائے جانے والے فٹنس کیمپ کے لئے آل راؤنڈر شاہد آفریدی، مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل اور اوپنر احمد شہزاد کو بھی طلب کر لیا ہے۔دورہ انگلینڈ کی تیاری کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ سے قبل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا باقاعدہ سلسلہ 13مئی سے 5جون تک ایبٹ آباد میں شروع ہو گا جبکہ پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کل ( اتوار ) سے شروع ہوں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم رواں برس جولائی میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں قومی ٹیم 4ٹیسٹ، 5ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔

وقت اشاعت : 07/05/2016 - 17:02:47