برطانیہ ‘ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹیڈیم سے ملنے والے مشتبہ پیکٹ کو تباہ کر دیا

پیر 16 مئی 2016 13:05

مانچسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مئی۔2016ء) برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مشہور فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹیڈیم سے ملنے والے مشتبہ پیکٹ کو دھماکے سے تباہ کر دیا گیا ‘مانچسٹر یونائیٹڈ اور بورن متھ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ منسوخ کردیا گیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ اسٹیڈیم میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور بورن متھ کی ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہونے سے بیس منٹ پہلے مشتبہ پیکٹ کی اطلاع پر اسٹیڈیم کو تماشائیوں سے خالی کراکے میچ منسوخ کردیا گیا ۔

تماشائیوں کی بحفاظت منتقلی کے بعد بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کیا گیا اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے اسٹیڈیم کی تلاشی لی گئی ۔اسٹیڈیم کے شمال مغربی حصے سے ملنے والے مشتبہ پیکٹ کو کنٹرولڈ دھماکے سے تباہ کردیاگیا تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ یونٹ کے مطابق مشتبہ مواد دھماکا خیز نہیں تھا ۔ پریمئر لیگ انتظامیہ کے مطابق میچ کے دوبارہ انعقاد کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

وقت اشاعت : 16/05/2016 - 13:05:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :