ویسٹ انڈیز سے ہوم سیریز، پی سی بی نے سری لنکا سے رابطہ کرلیا

پیر 16 مئی 2016 13:27

ویسٹ انڈیز سے ہوم سیریز، پی سی بی نے سری لنکا سے رابطہ کرلیا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مئی۔2016ء) پاکستان کر کٹ بورڈ( پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کیخلاف اکتوبرمیں شیڈول ہوم سیریز یو اے ای کی بجائے سری لنکا میں انعقاد کیلئے سری لنکن کر کڑ بورڈسے رابطہ کرلیا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو باضابطہ طور پر خط تحریر کردیا ہے جس میں یہ معلوم کیا گیا ہے کہ آیا سری لنکا اس سال اکتوبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی ہوم سیریز کی میزبانی کر سکتا ہے یا نہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ متحدہ عرب امارات میں ہوم سیریز کے دوران اخراجات میں کمی کی خاطر اسے سری لنکا میں کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکیٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے چند روزقبل کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سری لنکا میں کرانیکے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے اس انٹرویو کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ اسے پاکستان کے میچ اپنے یہاں کرانے پر خوشی ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستان کی ہوم سیریز سے متعلق متحدہ عرب امارات کی نئی حکمت عملی سے خوش نہیں ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ اب تک متحدہ عرب امارات کو میچوں کی گیٹ منی اور کارپوریٹ باکسز کی آمدنی میں سے حصہ دیتا آیا ہے لیکن اب متحدہ عرب امارات چاہتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سٹیڈیمز کا کرایہ بھی ادا کرے۔

وقت اشاعت : 16/05/2016 - 13:27:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :