کرس گیل پر بگ بیش ٹی ٹونٹی لیگ کے دروازے بند ہوگئے

بدھ 25 مئی 2016 12:22

کرس گیل پر بگ بیش ٹی ٹونٹی لیگ کے دروازے بند ہوگئے

میلبورن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار25مئی ۔2016ء ) آسٹریلین ٹی ٹونٹی لیگ بگ بیش کی ٹیم میلبورن رینیگیڈز نے ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کو رواں سیزن کے لیے سکواڈ میں شامل نہ کرنیکا اعلان کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق میلبورن رینیگیڈز کے چیف ایگزیکٹیو سٹورٹ کوونٹری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ اپنی ٹیم میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کا اعلان جلد ہی کریں گے تاہم کرس گیل کا نام ان میں شامل نہیں ہے ۔

میلبورن رینیگیڈز کے اس اعلان کیساتھ کرس گیل کے بگ بیش میں شرکت کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں کیونکہ دیگر ٹیموں نے اپنے اپنے سکواڈز میں غیرملکی کھلاڑیوں کو شامل کرلیا ہے جب کہ کچھ ٹیموں کو کرس گیل کے حصول پر دلچپسی نہیں رہی ہے ، کرس گیل نے اپنے ایک انٹر ویو میں کہا تھا کہ وہ سب کچھ بھلا کر ایک بار پھر آسٹریلیا جانا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کرس گیل بگ بیش لیگ کے گزشتہ سیزن میں ایک خاتون صحافی کے ساتھ ناشائستہ گفتگو کرنے پر تنقید کا نشانہ بنے تھے جس کے بعد انہیں معافی مانگنا پڑی تھی اور ان پر 10 ہزار ڈالر جرمانہ بھی کیا گیا تھا ، جارح مزاج بلے باز آئی پی ایل میں ایک بار پھر اسی طرح کے الزامات کی زد میں آئے ہیں ۔

36 سالہ گیل نے بگ بیش کے گزشتہ سیزن میں 32.5 کی اوسط سے 260 رنز بنائے تھے ، انکی نمایاں کارکردگی 17 گیندوں پر 56 رنز تھی جس دوران انہوں نے بھارت کے یوراج سنگھ کا 12 گیندوں پر تیز ترین ٹی ٹونٹی نصف سنچری بنانیکا ریکارڈ بھی برابر کیا تھا ۔

وقت اشاعت : 25/05/2016 - 12:22:49