پہلا ٹی ٹونٹی ،پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 9وکٹوں سے شکست دید ی

جمعہ 23 ستمبر 2016 23:57

پہلا ٹی ٹونٹی ،پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 9وکٹوں سے شکست دید ی

دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار23 ستمبر۔2016ء )پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 9وکٹوں سے شکست دیکر تین میچز کی سیریز میں برتری حاصل کرلی ہے ۔ دبئی انٹر نیشنل کرکٹ سٹیڈ یم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایون لیوس اور جانسن چارلس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم پاکستانی باؤلرز نے کالی آندھی کی ایک نہ چلنے دی ۔

عماد وسیم نے ویسٹ انڈیز کے ٹاپ آرڈر کا صفایا کرتے ہوئے لوئیس 1، آندرے فلیچرکو 2 اور مارلن سیمولز کو 4 رنز پر پویلین بھیج کر کالی آندھی کی مشکلات میں اضافہ کیا جب کہ محمد نواز نے چارلس کو 7 رنز پر آؤٹ کیا ، حسن علی بھی پیچھے نہ رہے اور اپنے پہلے اوور کی تیسری ہی گیند پر نیکولس پوران کو 5 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

(جاری ہے)

کیرون پولارڈ بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور 9رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے، کپتان براتھویٹ بغیر کوئی رن بنائے عماد وسیم کا پانچواں شکار بن گئے ۔

سنیل نارائن تیز رن لینے کی کوشش کرتے ہوئے خالد لطیف کی چابکدستی کا نشانہ بن گئے۔جیروم ٹیلر نے ڈوین براوو کے ساتھ ملکر نوویں وکٹ کے لیے 66رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 114تک پہنچایا جس کے بعد ٹیلر 21رنز بنا کر سہیل تنویر کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے، براوو آؤ ٹ ہونیوالے آخری کھلاڑی تھے جو 55رنز بنا کر پوولین لوٹے۔پاکستان کے لیے عماد وسیم نے 5،سہیل تنویر نے 2جبکہ نواز اور حسن علی نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔

پاکستان نے 116رنز کا ہدف 14ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کرلیا، شرجیل خان 22رن بنا کر پوویلین لوٹے جس کے بعد بابر اعظم او ر خالد لطیف نے پاکستان کی نیا پار لگا دی۔بابر اعظم نے 37گیندوں پر 55رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ خالد لطیف 34رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے،ویسٹ انڈیز کے لیے واحد کامیاب باؤلر بدری رہے۔دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرا میچ ہفتے کو دبئی میں ہی کھیلا جائے گا ۔

وقت اشاعت : 23/09/2016 - 23:57:20