دوسرا ون ڈے،پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 338رنز کا ہدف دیدیا

اتوار 2 اکتوبر 2016 19:40

دوسرا ون ڈے،پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 338رنز کا ہدف دیدیا

شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار2اکتوبر۔2016ء )پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 338رنز کا ہدف دیدیا ہے۔شارجہ میں کھیلے جارہے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز کپتان اظہر علی اور شرجیل خان نے کیا تاہم دونوں اوپنرز کوئی خواطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے اور 40 کے مجموعی سکور پر واپس پویلین لوٹ گئے ۔

اظہر علی نے 9 اور شرجیل خان نے 24 رنز بنائے ، دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک اور بابر اعظم نے ٹیم کو سنبھالتے ہوئے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچریاں سکور کیں،209 کے مجموعی سکور پر شعیب ملک 84 گیندوں پر 90 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، بابر اعظم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کیریئر کی دوسری سنچری سکور کی، وہ 123رنز بنا کر پوویلین لوٹے۔

(جاری ہے)

کپتان سرفراز احمد نے 47گیندوں پر 60رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر پاکستان کا سکور 337رنز تک پہنچانے میں اہم کردار اداکیا۔ویسٹ انڈیز کے لیے جوزف اور ہولڈر نے2، 2جبکہ نارائن نے ایک شکار کیا ۔اس میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ، دوسرا ون ڈے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ میچ ہارنے کی صورت میں سیریز سے بھی ہاتھ دھونا پڑے گا جب کہ پاکستانی ٹیم اگر سیریز 3-0 سے کلین سوئپ کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو گرین شرٹس ون ڈے رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن پر آجائیں گے ۔

وقت اشاعت : 02/10/2016 - 19:40:53