پاکستان سپر لیگ کے ڈرافٹس مکمل، سلمان بٹ اور محمد آصف کی قسمت نہ کھل سکی

بدھ 19 اکتوبر 2016 23:55

پاکستان سپر لیگ کے ڈرافٹس مکمل، سلمان بٹ اور محمد آصف کی قسمت نہ کھل سکی

دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار19اکتوبر۔2016ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے لیے ڈرافٹنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے ۔ ڈرافٹنگ کا عمل شروع ہونے سے قبل پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے خطاب کرتے ہوئے لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کرانے کا اعلان کیا ۔ڈرافٹنگ کے عمل میں پہلے کھلاڑی کے انتخاب کا اختیار لاہور قلندرز کو ملا جس کے بعد کراچی کنگز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور آخر میں چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔

ڈرافٹنگ کے عمل کا آغاز پلاٹینم کیٹیگری کے پہلے راؤنڈ سے ہوا جس میں لاہور قلندرز نے نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اور جارح مزاج بلے باز برینڈن میکولم کا انتخاب کیا،کراچی کنگز نے اپنی باری میں ویسٹ انڈین سٹار کرس گیل کو منتخب کیا جنہوں نے گزشتہ ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کی تھی، پشاور زلمی نے شاہد آفریدی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیون پیٹرسن اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے مصباح الحق کو برقرار رکھا۔

(جاری ہے)

پلاٹینم کیٹیگری کے دوسرے راؤنڈ میں لاہور قلندرز نے ویسٹ انڈین سپنر سنیل نارائن کو لینے کا اعلان کیا۔کراچی کنگز نے ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ کا انتخاب کیا جبکہ پشاور زلمی نے انگلینڈ کی موجودہ ون ڈے کپتان این مورگن کا انتخاب کیا ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے قومی ٹی ٹونٹی کپتان سرفراز احمد اوراسلام آباد نے شین واٹسن کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔

لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں اپنی تیسری اور آخری باری میں گزشتہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانیوالے عمر اکمل کو ٹیم میں برقرار رکھنے کا اعلان کیا،کراچی کنگز نے آل راؤنڈر شعیب ملک ،پشاور زلمی نے سپیڈ سٹار وہاب ریاض ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لگاتار تیسری مرتبہ کوئی تبدیلی نہ کرتے ہوئے احمد شہزاد کو اپنی ٹیم کا حصہ رکھا،دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے ویسٹ انڈین آل راؤنڈر آندرے رسل کو دوبارہ حاصل کیا،ڈائمنڈ کیٹیگری میں لاہور قلندرز نے سہیل تنویر، کراچی کنگز نے محمد عامر اور پشاور زلمی نے شکیب الحسن کو منتخب کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ڈائمنڈ کیٹیگری میں ویسٹ انڈیز کو ورلڈ ٹی ٹونٹی 2016ء کافائنل جتوانیوالے کارلوس بریتھ ویٹ کی خدمات حاصل کیں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے شرجیل خان کی خدمات حاصل کیں۔لاہور قلندرز نے ڈوین براوو، کراچی کنگز نے روی بوپارہ اور پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کو برقرار رکھا۔اس موقع پر شاہد آفریدی نے ٹیم کی قیادت سیمی کو سونپنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرن سیمی کو ان کے کرکٹ بورڈ نے عزت نہیں دی لیکن ہم جانتے ہیں کہ چیمپئن کو کیسے عزت دی جاتی ہے۔

اس کیساتھ پشاور زلمی نے مایہ ناز پاکستانی بلے باز یونس خان کو مینٹور بنانے کا اعلان کیا۔کوئٹہ گیلیڈی ایٹرز نے لیوک رائٹ اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے محمد عرفان کو اپنے دستے میں برقرار رکھا۔ڈائمنڈ کیٹیگری کے تیسرے راؤنڈ میں لاہور قلندرز نے لیگ سپنر یاسر شاہ، کراچی کنگز نے کمار سنگاکارا، پشاور زلمی نے محمد حفیظ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے انور علی کی خدمات حاصل کیں ، سیمیول بدری اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ ہوں،گولڈ کیٹگیری میں پہلا انتخاب لاہور قلندرز کا تھا جس نے کیوی بلے باز اینٹون ڈیویسچ کو حاصل کیا ، کراچی کنگز نے عماد وسیم کو پھر اپنی ٹیم کا حصہ بنایا، پشاور زلمی نے کرس جارڈن، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے برطانوی فاسٹ باؤلر ٹیمل ملز اور اسلام آبادیونائیٹڈ نے محمد سمیع کو منتخب کیا۔

کراچی کنگز نے نوجوان بلے باز بابراعظم کو گولڈ کیٹگری کے دوسرے راؤنڈ میں حاصل کیا،لاہور قلندرز نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، پشاور زلمی نے بنگلہ دیشی بلے باز تمیم اقبال، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فاسٹ باؤلر عمرگل اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے خالد لطیف کو برقرار رکھا۔گولڈ کیٹگری کے تیسرے راؤنڈ میں لاہور قلندرز نے جنوبی افریقی آل راؤنڈرکیمرون ڈیلپورٹ، کراچی کنگز نے جنوبی افریقہ کے ہی آل راؤنڈر ریان میکلارن،پشاور زلمی نے کامران اکمل، اسلام آباد یونائیٹڈ نے آسٹریلیا کے بریڈ ہیڈن اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ذولفقار بابر کو حاصل کیا۔

سلور کٹیگری کے پہلے راؤنڈ میں لاہور قلندرز نے فخرزمان، اظہرعلی،عامر یامین اور ظفر گوہر، کراچی کنگز نے خرم منظور، سہیل خان، سیف اللہ بنگش، شاہ زیب حسن، کاشف بھٹی، پشاور زلمی نے افتخار، جنید خان، صہیب مقصود، عمران خان جونیئر، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے عمرامین، محمد نواز، اسد شفیق، محمد نبی اور سعد نسیم، اسلام آباد یونائیٹڈ نے سعید اجمل، رومان رئیس، عمران خالد، آصف علی اور سیم بلنگز کو برقرار رکھا۔

سلور کیٹگری 2 میں لاہور قلندرز نے بلاول بھٹی، کراچی کنگز نے کاشف بھٹی، پشاور زلمی نے حارث سہیل کو برقرار رکھا۔ایمرجنگ کیٹگری میں لاہور قلندرز نے غلام مدثر، لیگ سپنر عثمان قادر، کراچی کنگز نے ابراراحمد اور عبدالحمید، پشاور زلمی نے حسن علی اور محمد اصغر، اسلام آباد یونائیٹڈ نے عماد بٹ اور حسین طلعت جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے نورولی حسن خان کومنتخب کیا۔

سپلیمنٹری کیٹگری ون میں لاہور قلندرز نے نیوزی لینڈ کے گرانٹ ایلیٹ اور آسٹریلیا کے شان ٹیٹ کو حاصل کیا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ویسٹ انڈیز کے ڈوین سمتھ اور برطانیہ کے بین ڈکٹ، پشاور زلمی نے انگلینڈ کے ایلیکس ہیلز اورافغانستان کے محمد شہزاد، کراچی کنگز نے سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے اور اسامہ میر، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے انگلینڈ کے ڈیوڈ ویلی اور جمیکین رومین پاول کو منتخب کیا۔

وقت اشاعت : 19/10/2016 - 23:55:57