ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی مشکل صورتحال سے واپسی کی صلاحیت رکھتی ہے ،اظہر محمود

بدھ 23 نومبر 2016 22:31

ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی مشکل صورتحال سے واپسی کی صلاحیت رکھتی ہے ،اظہر محمود

ہلمٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2016ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ اظہر محمود ے کہا ہے کہ قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی مشکل صورت حال سے واپسی کی صلاحیت رکھتی ہے۔نیوزی لینڈ نے پاکستان کو کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کی ہے جہاں پاکستانی بلے باز بری طرح ناکام ہوئے تھے۔

اظہرمحمودکے مطابق فاسٹ باؤلرز کے لیے مددگار وکٹ پر باؤلرز کو دیکھ کرمزا آرہا تھا، ان کا ماننا ہے کہ اگر میچ طویل ہوا تو یاسر شاہ،ہملٹن کی وکٹ پر جیت کی راہ نکال سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ میچ چوتھے اور پانچویں روز تک جائے تاکہ یاسر کچھ کرسکیں، وہ دنیا کے بہترین باؤلرز میں سے ایک ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں کپتان مصباح الحق کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی کیونکہ انھیں آئی سی سی نے پہلے میچ میں سلواوور ریٹ پر ایک میچ کے لیے باہر کیا ہے۔

آئی سی سی نے مصباح پر ایک میچ کی پابندی کے علاوہ میچ فیس کا 40 فی صد جرمانہ بھی کیا تھا۔مصباح الحق کی غیرموجودگی میں ایک روزہ ٹیم کے کپتان اظہرعلی، ہملٹن میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔اظہرمحمود نے کہا کہ ہمیں بلے بازی میں زیادہ محتاط ہونا پڑے گا جس کا مظاہرہ ہم نے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں کیا تھا۔پاکستان کے باؤلنگ کوچ نے کہا کہ یہاں پر نئی گیند نہایت اہم کردار ادا کرے گی اس لیے اگر آپ نے نئی گیند سے کوئی وکٹ نہ گنوائی تو آپ لمبی بیٹنگ کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اب کوئی بہانہ نہیں ہے تو ہمیں مثبت اور اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

وقت اشاعت : 23/11/2016 - 22:31:30