ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کی فٹ بال کی طرح کرکٹ میں بھی ریڈکارڈ قانون متعارف کرانے کی تجویز

بدھ 7 دسمبر 2016 23:17

ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کی فٹ بال کی طرح کرکٹ میں بھی ریڈکارڈ قانون متعارف کرانے کی تجویز
ممبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی نے فٹ بال کی طرح کرکٹ میں بھی ریڈکارڈ قانون متعارف کرانے کی تجویز دی ہے۔ اس بات کا فیصلہ ممبئی میں ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ممبئی میں منعقدہ ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے دو روزہ اجلاس میں ریڈکارڈ قانون متعارف کرانے سمیت بلے کے سائز، کرکٹ کی اولمپکس گیمز میں شمولیت کے علاوہ دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کمیٹی نے فٹ بال کی طرح کرکٹ میں بھی ریڈکارڈ قانون متعارف کرانے کی تجویز دی ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی میچ کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے تو ایمپائرز کو یہ اختیار ہونا چاہیے کہ وہ اسے ریڈکارڈ دکھا کر فوراً میدان سے باہر کر سکے، کمیٹی کا کہنا ہے کہ کرکٹ واحد کھیل ہے جس میں نامناسب رویہ اختیار کرنے والے کھلاڑیوں کیلئے کوئی سخت سزا نہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اجلاس میں بلے کے کنارے کو 40 ملی میٹر اور گہرائی 67 ملی میٹر رکھنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے، کیچ اور سٹمپ کے قانون میں تبدلی کے حوالے سے بھی بات کی گئی، موجودہ قانون کے تحت اگر گیند فیلڈر یا وکٹ کیپر کے ہیلمٹ کو چھو جائے تو وکٹ کیپر نہ سٹمپ کر سکتا ہے اور نہ ہی کیچ ہو سکے گا لیکن اگر اس قانون میں تبدیلی کی جائے تو اس سے بائولرز کو فائدہ ہو گا۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ہم کرکٹ کو 2024ء میں شیڈول اولمپکس گیمز میں شامل کرنے کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ ہم ان تمام سفارشات کو ایم سی سی کے مین اجلاس میں پیش کریں گے اگر انہیں منظور کیا گیا تو ان تمام قوانین کا اطلاق یکم اکتوبر 2017ء سے ہو گا۔
وقت اشاعت : 07/12/2016 - 23:17:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :