پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا امریکہ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ

منگل 30 اپریل 2024 22:34

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا امریکہ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کھلاڑیوں سے سفارتخانہ میں ایک تقریب میں ملاقات کی اور ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل ان کی حوصلہ افزائی کی۔ امریکی سفارتخانہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق امریکی سفیر کی رہائش گاہ پر منعقدہ استقبالیہ میں سفیر ڈونلڈ بلوم نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کو بھی خوش آمدید کہا اور امریکہ میں منعقد ہونے والی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

بیان کے مطابق اس موقع پر سپورٹس ڈپلومیسی کا باہمی مظاہر ہ کرتے ہوئے سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان ٹیم کے ارکان کو سفارتخانہ کی یادگاری کرکٹ بال اور دستخط شدہ سافٹ بال بیٹ پیش کیا جبکہ پاکستانی ٹیم نے بھی اسی خیر سگالی کے جذبہ کے تحت سفیرڈونلڈ بلوم کو پاکستان کی سرکاری کرکٹ شرٹ اور ٹیم کا دستخط شدہ بلا پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سفیر ڈونلڈ بلوم نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔

واضح رہے کہ رواں سال جون میں پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرتے ہوئے امریکہ ایک تاریخ رقم کرنے جارہا ہے۔ کھیل کا جوش دوبالا کرنے کے حوالے سے یہ خبر یقیناً دلچسپی سے خالی نہیں کہ امریکہ اور پاکستان دونوں ایک ہی گروپ میں شامل کیے گئے ہیں اوردونوں ممالک چھ جون کو ایک دوسرے کے ساتھ گروپ میچ میں مدمقابل ہونگے جس کا سب کو بے چینی سے انتظار رہے گا۔
وقت اشاعت : 30/04/2024 - 22:34:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :