گگلی اور فلپر سیکھے بغیر یاسر شاہ کو مشکلات کا سامنا رہے گا :عبدالقادر

پیر 12 دسمبر 2016 13:59

گگلی اور فلپر سیکھے بغیر یاسر شاہ کو مشکلات کا سامنا رہے گا :عبدالقادر

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار12دسمبر۔2016ء ) عظیم سپن ماسٹر عبدالقادرکا کہنا ہے کہ گگلی اور فلپر گیند سیکھے بغیر لیگ سپنر یاسر شاہ کو مشکل کا سامنا رہے گا۔ایک کرکٹ ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹر ویو میں 61سالہ ”گگلی ماسٹر “ کا کہنا تھاکہ یاسر شاہ ایک اچھے باؤلر ہیں ،2009ء میں جب میں چیف سلیکٹر تھا تو وہ ہمارے ریڈار پر موجود اور ان 20کھلاڑیوں میں شامل تھے جن کے بارے میں ہم نے پی سی بی کو کہا تھا کہ وہ مستقبل کے ان کھلاڑویوں کو نظر میں رکھے ۔

یاسر کو یہ سمجھنا ہوگا کہ بغیر گگلی اور فلپر کے ایک لیگ سپنر کو کبھی نہ کبھی مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے اور حالیہ کچھ عرصے کے دوران میں نے ان میں بھی یہ چیز دیکھی ہے ، میرے خیال میں وہ اپنی طرف سے گگلی کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر وہ سپن ہونے کی بجائے سیدھی چلی جاتی ہے ، انہیں فلپر کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہ جس کی وجہ شاید یہ ہوسکتی ہے کہ انہیں گیند پر گرفت کرنے میں مشکل پیش آتی ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر اپنے دور کے عظیم سپنر کا کہنا تھا کہ یاسر نے کبھی ان سے مدد نہیں مانگی اور مجھے اس پر کوئی حیرت بھی نہیں ہوتی کیوں کہ وہ شین وارن کو اپنا آئیڈیل سمجھتے ہیں اور انہیں سے ٹپس لینے کے خواہاں رہتے ہیں ۔یاد رہے کہ 30سالہ یاسر شاہ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے پہلے 13میچز میں 86شکا ر کیے تھے تاہم اپنے آخری 7ٹیسٹ میچز میں وہ محض 30وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے ہیں ۔

وقت اشاعت : 12/12/2016 - 13:59:14