اسد شفیق ورلڈکلاس بلے باز ہیں، برسبین ٹیسٹ میں فائٹ بیک سے قومی ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے، توقع ہے کہ ٹیم تاریخ رقم کر لے گی، توصیف احمد

منگل 20 دسمبر 2016 21:19

اسد شفیق ورلڈکلاس بلے باز ہیں، برسبین ٹیسٹ میں فائٹ بیک سے قومی ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے، توقع ہے کہ ٹیم تاریخ رقم کر لے گی، توصیف احمد
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سلیکشن کمیٹی کے رکن اور سابق کرکٹر توصیف احمد نے آسٹریلیا کے خلاف برسبین ٹیسٹ میں ٹیم کے فائٹنگ سپرٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوتھی اننگز میں کھلاڑیوں نے جس طرح سے فائٹ بیک کیا اس سے کھلاڑیوں کے حوصلے مزید بلند ہو گئے ہیں، توقع ہے کہ ٹیم سیریز جیت کر تاریخ رقم کر لے گی، اسد شفیق ورلڈ کلاس بلے باز ہیں اور اگلے میچز میں بھی ان سے بہترین کارکردگی کی توقع ہے، مصباح اور یونس کی ملکی کرکٹ کیلئے گراں قدر خدمات ہیں اور چند میچز میں ناقص کارکردگی پر انہیں تنقید کا نشانہ بنانا ٹھیک نہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گرین کیپس نے کینگروز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں جس طرح سے ورلڈریکارڈ ہدف کا تعاقب کیا اس کی مثال نہیں ملتی، یہ یقینی طور پر پلس پوائنٹ ہے، اس سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور امید ہے کہ کھلاڑی اگلے میچز میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں جو بھی ایشین کھلاڑی بھرپور فائٹ کے بعد سنچری بناتا ہے اسے ورلڈ کلاس بلے باز قرار دیا جاتا ہے اور اسد نے بھی یہ درجہ پا لیا ہے، وہ ٹیم کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل ہیں انہیں چاہیے کہ سخت محنت کے تسلسل کو برقرار رکھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یونس اور مصباح ٹیم کے اہم رکن ہیں، چند میچز میں ناکامی کے بعد ان پر تنقید درست نہیں، انہیں وقت دینا چاہیے اور مجھے یقین ہے کہ وہ کینگروز کے خلاف اگلے میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ناقدین کو جواب دے دیں گے۔
وقت اشاعت : 20/12/2016 - 21:19:09