دھونی بھارت کی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیموں کی قیادت سے مستعفی، بطور وکٹ کیپر بلے باز سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے، کوہلی قیادت کیلئے مضبوط امیدوار

بدھ 4 جنوری 2017 23:23

دھونی بھارت کی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیموں کی قیادت سے مستعفی، بطور وکٹ کیپر بلے باز سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے، کوہلی قیادت کیلئے مضبوط امیدوار
ممبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2017ء) مہندرا سنگھ دھونی بھارت کی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیموں کی قیادت سے مستعفی ہو گئے، بطور وکٹ کیپر بلے باز انگلینڈ کے خلاف سیریز کے سلسلے میں سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے، ان کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیموں کی کپتانی کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔ بدھ کو بھارتی کرکٹ بورڈ نے دھونی کے لمیٹڈ اوورز ٹیموں کی قیادت سے دستبرداری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاشبہ یہ ہمارے لئے ایک بری خبر ہے تاہم دھونی کی ملکی کرکٹ کیلئے گراں قدر خدمات ہیں اسلئے ہم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، ہم نے فوری طور پر انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے ان کی جگہ کسی قائد کا فیصلہ نہیں کیا لیکن کوہلی جو کہ پہلے سے ہی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اس عہدے کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔

(جاری ہے)

بی سی سی آئی نے 2007ء میں دھونی کو بھارت کی ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیموں کا کپتان مقرر کیا تھا تاہم 2014ء میں انہوں نے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑ دی تھی۔ وہ بھارت کے کامیاب ترین کپتان ہیں جن کی زیر قیادت بھارتی ٹیم نے 2011ء میں ون ڈے ورلڈکپ اور 2007ء میں ٹی ٹونٹی ورلڈکپ، 2013ء میں چیمپئنز ٹرافی ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا، انہوں نے 199 ایک روزہ میچز میں ٹیم کی قیادت کی جس میں سے بھارتی ٹیم 110 میں کامیاب رہی اور 74 میں اسے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انہوں نے 72 ٹی ٹونٹی میچز میں ٹیم کی قیادت کی جس میں سے بھارت نے 41 جیتے اور 28 ہارے، انہوں نے بطور کپتان ون ڈے میں 6633 اور ون ڈے میں 1112 رنز بنائے۔
وقت اشاعت : 04/01/2017 - 23:23:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :