وزیر ِ داخلہ نے پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی منظوری دیدی

سپاٹ فکنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے ساتھ بکیزکیخلاف بھی کارروائی کی جائے، وزیر داخلہ کی ہدایت

پیر 20 مارچ 2017 20:18

وزیر ِ داخلہ نے پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ میں ملوث  کرکٹرز کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی منظوری دیدی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 مارچ2017ء) وفاقی وزیر ِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ میں ملوث تمام کرکٹرز کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سپاٹ فکنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ان بکیز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جو اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث ہیں۔پیر کو وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیرِ صدارت اعلیٰ اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، ایڈوکیٹ جنرل، نادرا، پی ٹی اے، ایف آئی اے اور وزارتِ داخلہ کے سینئر افسران شریک تھے۔اجلاس میں سپاٹ فکسنگ کے معاملے پر ایف آئی اے حکام کی جانب سے وزیرِ داخلہ کو بتایا گیا کہ خالد لطیف اور محمد عرفان نے ایف آئی اے کو اپنے بیانات ریکارڈ کرا دیے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑی (آج)منگل کواپنے بیانات دیں گے۔

(جاری ہے)

وزیرِ داخلہ نے پی ٹی اے حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ کرکٹ میں جوا لگانے اور اسکو فروغ دینے والی تمام ویب سائٹس کو بھی بند کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں تاکہ اس گھناؤنے کاروبار کا سدباب کیا جا سکے۔

وزیرِ داخلہ نے ایف آی اے کو ہدایت کی کہ سپاٹ فکسنگ معاملے کی ہر پہلوسے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ پاکستان کا نام بد نام کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی تفتیش میں زیرو ٹالینرنس پالیسی اختیار کی جائے اور کسی بھی ملوث شخص کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔
وقت اشاعت : 20/03/2017 - 20:18:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :