دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کا ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 133 رنز کا ہدف

muhammad ali محمد علی جمعرات 30 مارچ 2017 23:06

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کا ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 133 رنز کا ہدف
ٹرینیڈاڈ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار30مارچ ۔2017ئ) ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہو کر 132 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 133 رنز کا ہدف دیدیا ۔تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پورٹ آف سپین میں ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ،پاکستانی ٹیم اننگز کی ابتدا میں ہی اس وقت مشکلات سے دوچار ہو گئی جب پہلے ہی اوور میں سیمیول بدری کی چار گیندوں پر کوئی بھی رنز بنانے سے محروم رہنے والے کامران اکمل پانچویں گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے،بابر اعظم اور احمد شہزاد نے محتاط انداز اپناتے ہوئے دوسری وکٹ کیلئے 41 جوڑے لیکن تیزی سے رنز کرنےکی کوشش میں بابر حریف کپتان کو وکٹ دے بیٹھے،احمد شہزاد سے بھی ساتھی کھلاڑی جدائی برداشت نہ ہوئی اوراگلے اوور میں وہ سنیل نارائن کی وکٹ بن گئے،فخر زمان بھی اپنے پہلے ٹی ٹونٹی میں خاص تاثر نہ چھوڑ سکے اور چھکا مارنے کی ناکام کوشش میں باﺅنڈری پر کیچ ہوئے۔

(جاری ہے)

سابق کپتان شعیب ملک نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرفراز کے ساتھ اچھی شراکت قائم کی لیکن 28 رنز بنانے کے بعد ان کی مزاحمت بھی دم توڑ گئی،اگلے ہی اوور میں سرفراز بھی پویلین لوٹ گئے ، سہیل تنویر پہلی گیند پر چوکا لگانے کے بعد دوسری ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔عماد وسیم بھی مشکل وقت میں ٹیم کے کام نہ آ سکے اور4 رنز بنانے کے بعد حریف کپتان کارلوس براتھ ویٹ کے عمدہ کیچ کے سبب پویلین لوٹنے پر مجبور ہوئے۔

95 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد گرین شرٹس کی سنچری مکمل ہوتی بھی نظر نہیں آ رہی تھی لیکن وہاب ریاض نے 10 گیندوں پر24 رنز بنا کر پاکستان کو معقول مجموعے تک رسائی دلائی،پاکستان کی پوری ٹیم اننگز کی آخری گیند پر 132 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی،ویسٹ انڈیز کی جانب سے نارائن اور براتھ ویٹ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل پہلے میچ کی فاتح پاکستانی ٹیم نے دوسرے میچ کیلئے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے محمد حفیظ کی جگہ فخر زمان کو اٹرنیشنل ڈیبیو کراتے ہوئے ٹیم کا حصہ بنایا۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
وقت اشاعت : 30/03/2017 - 23:06:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :