آخری ٹی ٹونٹی ،پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی

پیر 3 اپریل 2017 00:42

آخری ٹی ٹونٹی ،پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی
پورٹ آف سپین(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار2اپریل ۔2017ئ) چوتھے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 3-1سے اپنے نام کرلی ہے ۔پورٹ آف سپین کے کوئنز پارک اوول گراﺅنڈ میں گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد نے آخری ٹی ٹونٹی میچ میں ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو چیڈوک والٹن اور لیوس نے اننگز کا آغاز جارحانہ آغاز کیا اور کریز پر آتے ہی دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور 27 تک پہنچایا تو لیوس 7 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوگئے جس کے بعد والٹن بھی 40 رنز بنا کر 59 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور آٹھویں وکٹ پر سنیل نارائن اور کپتان بریتھ ویٹ نے 38 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 121 تک پہنچا تو نارائن 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز نے مقررہ اوورز میں 8وکٹیں کھو کر 124رنز بنائے۔پاکستان کےلئے حسن علی اور شاداب خان نے 2،2جبکہ وہاب ریاض ، عما د وسیم اور رومان رئیس نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔

125رنز کے ہدف کے تعاقب میں کامران اکمل اور احمد شہزاد نے ٹیم کو 40رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد کامران اکمل مارلن سیمیولز کا شکار بن گئے ۔ بابر اعظم نے احمد شہزاد کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کےلئے 70رنز جوڑے اور دوران احمد شہزاد نے اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کی چھٹی نصف سنچری بھی مکمل کی ،وہ 53رنز بنا کر ولیمز کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔ بابر اعظم بھی 38رنز بنا کرولیمز کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔

شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کی کشتی پار لگادی۔ ویسٹ انڈیز کے لیے ولیمز نے 2جبکہ سیمیولز نے ایک وکٹ لی۔حسن علی کو میچ اور شاداب خان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور سہیل تنویر کی جگہ رومان رئیس کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا جبکہ ویسٹ انڈیز نے تیسرا ٹی ٹونٹی جیتنے والی ٹیم برقرار رکھی۔


وقت اشاعت : 03/04/2017 - 00:42:32