ملا وٹ مافیا کے خلاف موثر کریک ڈائون کیلئے خصوصی سکواڈ تشکیل

جمعرات 19 جنوری 2017 20:21

ڈی جی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء)ضلع ڈیرہ غازیخان میں ملا وٹ مافیا کے خلاف موثر کریک ڈائون کیلئے خصوصی سکواڈ تشکیل دے دیاگیاہے،ملاوٹ چیک کرنے کیلئے ٹیموں کو آلات فراہم کر دیئے گئے۔ مضر صحت اشیائے خوردونوش موقع پر تلف کرنے کے ساتھ کاروباری مراکز سیل ، مقدمات کے اندراج اور گرفتاریوں کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

یہ احکامات ڈپٹی کمشنر ندیم الرحمن نے اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیے۔ڈپٹی کمشنر ندیم الرحمن نے کہاکہ مکروہ دھندے میں ملوث افراد کو بے نقاب کیاجائے گا۔ غیر قانونی ہسپتال ، کلینک اور میڈیکل سٹور سربمہر کرنے کے ساتھ عطائیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔انسانی ادویات کی جعلسازی میں ملوث افراد کے ساتھ نرمی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ندیم الرحمن نے کہاکہ ہوٹلز ، بیکریز اور دیگر اشیائے خوردونوش کی تیاری کے مقامات پر صفائی چیک کی جائے اور ناقص انتظامات پر سیل کر دیئے جائیں۔ فوڈ انسپکٹرز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔ہیلتھ ، فوڈ ، لائیو سٹاک اور ٹی ایم ایز سمیت دیگر متعلقہ محکمے مل کر کام کریں ․ نمونوں کی محفوظ ترسیل ، لیبارٹری سے بروقت رپورٹ کے حصول کیلئے قریبی رابطہ اور ملوث افراد کوعدالت کے ذریعے سخت سزائیں دلانے کیلئے مقدمات کی باقاعدہ پیروی کی جائے۔

ڈی سی نے کہاکہ عوام کو معیاری اشیاء فراہم کرکے ریلیف دیا جائے۔ ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائی کیلئے ہفتہ میں دو بار جائزہ اجلاس منعقد کیاجائے گا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ریونیو عبدالشکور ، اسسٹنٹ کمشنرز اصغر مجید بلوچ ، عبدالغفار ، عبدالجبار ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر منور عباس ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر توصیف طاہر ، ڈی او ایچ ڈاکٹر گل حسن، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر محمداعجاز ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر عاطف حسیب ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ ڈاکٹر کامران اصغر ، ڈاکٹر اطہر سکھانی ، ڈرگ کنٹرولر ذوالفقار علی گوپانگ ، فیصل محمود ، ڈاکٹر اسماعیل عباس ، ڈاکٹر آصف ، عثمان حبیب سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ․

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں