حافظ آباد ، 14سال سے کم عمر بچوں سے جبری مشقت نہیں کروانے دی جائے گی،محمد علی رندھاوا

مشقت کر نے والے مالکان کو بلا امتیاز گرفتار کر لیا جائے گا ،ڈپٹی کمشنر

منگل 24 جنوری 2017 22:07

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جنوری2017ء)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ بھٹوں ،ورکشاپوں اور پٹرول پمپوں پر 14سال سے کم عمر بچوں سے جبری مشقت کسی صورت نہیں کروانے دی جائے گی اور ایسا کر نے والے مالکان کو بلا امتیاز گرفتار کر لیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کم وسائل والے محروم خاندانوں کے بچوں کو ماہا نہ وظائف اور دیگر مراعات دیکر زیور تعلیم سے آراستہ کر نے لئے تمام اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ معاشی غلامی اور جبری مشقت سے نجات حاصل کرکے یہ بچے بھی مستقبل کے کامیاب انسان بن سکیں ۔

انہوں نے یہ بات ضلعی کمیٹی برائے انسداد جبری مشقت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں ڈی پی او محمد غیاث گل ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اللہ دتہ وڑائچ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ،اے سی عمر فاروق وڑائچ ،سی ای او افتخار نواز ورک اور کمیٹی کے دیگر اراکین نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محروم طبقات کو قومی دھارے شامل کرنا اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ریاست کے بنیادی فرائض میں سے ہے اور اسی تناظر میں حکومت پنجاب جبری مشقت کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ۔

انہوں نے اجلاس میں موجود بھٹہ مالکان پر واضح کیا کہ کسی بھی افسران کے اچانک دورے کے دوران کوئی بچہ بھی مزدوری کرتے ہوئے پایا گیا تو کوئی رعایت برتے بغیر ایسے مالکان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی ۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے لیبر ڈپارٹمنٹ اور پنجاب سوشل سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کے نمائیندوں نے بتایا کہ ضلع میں 88رجسٹرڈ بھٹوں پر کسی بھی جگہ کم عمر بچوں سے مشقت کا کوئی کیس ان کے نوٹس میں نہیں آیا ۔

انہوں نے بتایا کہ 266فیکٹری مزدوروں کو سوشل سیکورٹی کارڈ بھی جاری کئے گئے ہیں جبکہ مذید مزدوروں کی رجسٹریشن کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں اجلاس میں بتایا گیا کہ 243بچوں کے والدین کو خدمت کارڈ ز بھی جاری کئے گئے ہیں جن کے زریعے حکومت پنجاب ان کو مالی امداد فراہم کر رہی ہے جبکہ 791بچوں کو سکولوں میں داخلہ کے لئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ڈی سی نے اجلاس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے سلسلہ میں اپنی ذمہ داریاں اداکریں اور اس قو می مقصد کو ہر صورت کامیاب بنائیں ۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں