سنہرے مستقبل ،بہتر روزگار کی خاطر اٹلی جانے والے سات پاکستانی البانیہ میں کار حادثے میں جاں بحق

ساتوں پاکستانی گاڑی میں سوار ہو کر جا رہے تھے تیرانہ کے قریب چیک پوسٹ پر پولیس نے ان کی گاڑی کو روکا البانوی ڈرائیور نے گاڑی نہ روکی جو تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر دریا میں جا گری ،حافظ آباد کا22سالہ شرجیل بھی شامل

ہفتہ 6 اپریل 2024 15:13

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2024ء) سنہرے مستقبل اور بہتر روزگار کی خاطر اٹلی جانے والے سات پاکستانی البانیہ میں کار حادثہ میں جاں بحق ہو گئے ، جاں بحق ہونے والوں میں 22سالہ رائے شرجیل کا تعلق حافظ آباد سے تھا،حادثہ میں البانوی کار ڈرائیو بھی جاں بحق ہو گیا۔جاں بحق ہونے والے شرجیل کے اہل خانہ بیٹے کی ناگہانی وفات پر غم سے نڈھال ہو گئے۔

والدین نے حکومت سے بیٹے کی میت وطن واپس لانے کے لیے حکومت سے اپیل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کے گائوں ساگر کھرل کے رہائشی رائے شفقت علی کا 22سالہ بیٹا رائے شرجیل دس ماہ قبل یونان گیا جہاں وہ اپنے دیگر سات پاکستانیوں کے ساتھ غیر قانونی طریقہ سے اٹلی جانے کے لیے نکلا ۔ رائے شرجیل اور اس کے ساتھیوں نے البانیہ کا بارڈر کراس کرنے کے لیے ایک ٹیکسی کرایہ پر لی۔

(جاری ہے)

ساتوں پاکستانی گاڑی میں سوار ہو کر جا رہے تھے کہ البانیہ کے دارلخلافہ تیرانہ کے قریب چیک پوسٹ پر پولیس نے ان کی گاڑی کو روکا لیکن البانوی ڈرائیور نے گاڑی نہ روکی جو تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر دریا میں جا گری جس کے نتیجہ میں البانوی ڈرائیو اور رائے شرجیل سمیت ساتوں پاکستانی جاں بحق ہو گئے۔ رائے شفقت کا کہنا ہے کہ اس کا بیٹا پاکستان میں بیروزگاری کی وجہ سے پریشان تھا اس لیے وہ بیرون ملک گیااور وہ گزشتہ دس ماہ سے یونان میں مقیم تھاجہاں سے وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ البانیہ کے راستے اٹلی جا رہا تھا کہ راستے میں پولیس نے انہیں روکا لیکن البانوی ڈرائیور نے گاڑی نہ روکی اور تیز رفتاری کے باعث ا ن کی گاڑی دریا میں جا گری جس میں البانوی کار ڈرائیور اور ساتوں پاکستانی موقع پر جا ں بحق ہو گئے۔

انہوں نے بتا یا کہ البانیہ کی پولیس نے تمام لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں مبتلا شرجیل کے والد اور دیگر رشتہ داروں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ متوفی رائے شرجیل کی میت پاکستان لانے کے لیے انتظام کیا جائے اور اس سلسلہ میں ان کی مدد کی جائے۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں