صحافی برادری کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے،ڈائریکٹر انفارمیشن

جمعرات 19 جنوری 2017 17:13

میرپور خاص ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) شعبہ صحافت ملک کا چوتھا ستون ہے اور صحافی برادری کا ملکی ترقی میں بھی اہم کردار ہے جو ناقابلِ فراموش ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر انفارمیشن میرپورخاص سوائی خان چھلگری نے عمرکوٹ پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات اور پریس کلبوںکا چولی دامن کا ساتھ ہے جو کبھی جدانہیں ہوسکتا کیونکہ صحافی ریاست کے امین اورعوام کی آواز ہیں جو اپنے قلم اور انتھک کاوشوں سے عوام کی آواز ایوانوں تک پہنچارہے ہیں جس کی بدولت عوام کے دیرینہ مسائل حل ہورہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے صحافیوں کے مسائل حل کرنے اور پریس کلبوں کو مالی اعانت کا سلسلہ شروع کیاگیا ہے جس میں صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو اور سیکرٹری اطلاعات عمران عطا سومرو ذاتی دلچسپی لے کر مسائل حل کررہے ہیں تا کہ صحافی اپنی پیشہ ورانہ ذمیداریاں خوش اسلوبی سے نبھا سکیں ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر نے نومنتخب عہدیداروں کو پھولوں کے ہار بھی پہنائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمرکوٹ پریس کلب کی بہتری کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے اور امید ظاہر کی کہ عمرکوٹ پریس کلب کے نومنتخب عہدیدار بھی عوام کے نمائندے بن کر اپنا صحافتی کردار اداکریں گے ۔ اس سے قبل سوائی خان چھلگری نے پی پی پی کے سابق ایم پی اے رانا ہمیر سنگھ سے ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کی اس موقع پرپی پی پی کے سینئررہنماانجینئر ولی محمد راہموں، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن غلام رضاکھوسو،صحافی محمد حنیف یوسف زئی،غلام مصطفی مہیری ،محکمہ اطلاعات عمرکوٹ کا اسٹاف اورسیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی تعزیت کی۔

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں