لاہور میں ہونے والے خودکش بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت ،ایسے واقعات میں ملوث اور سرپرستی کرنے والے عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے،قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کاحکومت سے مطالبہ

منگل 14 فروری 2017 19:05

ٹنڈو آدم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2017ء) قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے لاہور میں ہونے والے خودکش بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے واقعات میں ملوث اور انکی سرپرستی کرنے والے عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔یہ بات انہوں نے ٹنڈوآدم میں شیعہ سنی اتحاد کے علمبردار شہید قیصر حسین چغتائی کی چوتھی برسی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ملک میں مذہب دشمن عناصر پاکستان میں انتشارپھیلا کر قیمتی انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں جن کو روکنے کے لیے حکومت کو مزید اقدام اٹھانے پڑینگے۔ انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی حالات کو روکنے کے لیے غیرمعمولی اقدام اٹھانا نہیں بلکہ ان غیر معمولی حالات کے خاتمے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

قائد ملت نے لاہور میں خودکش دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان، ضرب عضب اور کراچی آپریشن کے بہتر نتائج حاصل ہوئے لیکن ایک بار پھر اب چند روز سے ملک میں دہشتگردی کے واقعات شروع ہوگئے ہیں جن کسی بھی صورت میں روکنا ہوگا۔ سی پیک کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس سے ملک بھر کو فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے تمام صوبوں کو برابری کے حقائق ملنے چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مجالس پر ایف آئی آر درج کرنا کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہوگا کیوں کہ پاکستان میں ہر ایک شہری کو اظہار کی آزادی کا بنیادی حق حاصل ہے اور ہمیں پاکستان کا آئین اس کا حق دیتا ہے جبکہ قانون اور آئین سے کوئی بھی بالاتر نہیں ہے۔شہید قیصر حسین چغتائی کے قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شہید کے قاتلوں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی طاقت اور دہشت سے کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکتا اور بھارت جو پاکستانی سرحدوں پر آئے روز فائرنگ کے واقعات کر کے کشمیریوں کو دبانا چاہتا ہے وہ کبھی بھی اس حرکت میں کامیاب نہیں ہوگا۔ملک میں ہونے والی مردم شماری کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ملک کی عوام کو چاہیے کے اس میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائے کیوں کہ اختیارات اور حقائق صوبوں کی مردم شماری پر ہی انحصار کرتے ہیں ۔

اس موقع پر صوبائی صدر شیعہ علما کونسل سید ناظر عباس نقوی، صوبائی نائب صدر مدد علی رند، ضلعی صدر سانگھڑ اکبر حسین چغتائی، ضلعی چیئرمین خادم حسین رند، غلام مرتضیٰ جونیجو، ذوالفقار روشن، عابد رسول ہاشمی، مولانا ظہیر عباس ساجدی، غلام محمد ساند و دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں